ریاض(امیر محمد خان سے)سعودی عرب کی وزارت داخلہ نے مملکت میں ویزے کی مدت ختم ہونے کے باوجود غیر قانونی طور پر قیام کرنے والے غیر ملکیوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا اعلان کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ امیگریشن قوانین کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
ایگزو نیوز کے مطابق سعودی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایسے تمام غیر ملکی شہری جو اپنے ویزے کی معیاد ختم ہونے کے باوجود مقررہ وقت پر سعودی عرب سے روانہ نہیں ہوتے،ان کے خلاف مملکت کے قوانین کے تحت سخت اقدامات کیے جائیں گے۔بیان میں خبردار کیا گیا ہے کہ خلاف ورزی کے مرتکب افراد کو 50 ہزار سعودی ریال تک جرمانہ،6 ماہ تک قید اور بعد ازاں ملک بدری جیسی سزاوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔حکام نے اس امر پر زور دیا کہ سعودی عرب میں اقامہ،لیبر اور سرحدی قوانین پر سختی سے عمل درآمد جاری ہے اور کسی بھی قسم کی خلاف ورزی پر فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ وزارت داخلہ نے کہا کہ غیر ملکی شہری اپنے قیام کی قانونی حیثیت کو یقینی بنائیں اور ویزے کی مدت ختم ہونے سے قبل بروقت مملکت سے روانگی اختیار کریں تاکہ قانونی پیچیدگیوں اور سزاوں سے بچا جا سکے۔
سعودی وزارت نے عوام سے بھی تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ غیر قانونی قیام یا دیگر خلاف ورزیوں کی اطلاع متعلقہ حکام کو دی جائے۔اس حوالے سے مکہ مکرمہ،مدینہ منورہ،ریاض اور مشرقی صوبے میں ہنگامی نمبر 911 جبکہ مملکت کے دیگر علاقوں میں 999 پر رابطہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔سعودی حکام کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد مملکت میں قانون کی بالادستی کو یقینی بنانا،غیر قانونی سرگرمیوں کا خاتمہ اور امیگریشن نظام کو مزید موثر بنانا ہے تاکہ ملکی سکیورٹی اور نظم و ضبط کو برقرار رکھا جا سکے۔