اسٹیٹ بینک پاکستان کا کہنا ہے کہ برادر اسلامی ملک سعودی عرب نے قومی خزانے میں ڈپازٹ کیے گئے 3 ارب ڈالر کی مدت میں مزید ایک سال کی توسیع کر دی ہے۔
اسٹیٹ بینک پاکستان کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی فنڈ فار ڈویلپمنٹ کی جانب سے سعودی عرب کے حکومتی فنڈ نے پاکستان کے مرکزی بینک کے پاس رکھی گئی 3 ارب ڈالر کی رقم کی مدت ایک سال کے لیے بڑھا دی ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ “سعودی عرب کی حکومت کی جانب سے یہ ایک اور سال کے لیے توسیع پاکستان کو فراہم کی گئی معاونت کا حصہ ہے، جو پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر کو مضبوط بنانے اور ملک کی اقتصادی ترقی میں مددگار ثابت ہوگی۔
اس توسیع سے پاکستان کی معیشت کو مزید استحکام حاصل ہو گا، اور ملک کے مالی ذخائر میں اضافہ متوقع ہے۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ 3 ارب ڈالر کے اس ڈپازٹ کا معاہدہ ابتدائی طور پر 2021 میں سعودی فنڈ فار ڈویلپمنٹ کے ساتھ طے کیا گیا تھا، جس کے بعد یہ رقم 2022 اور 2023 میں شاہی ہدایات کے تحت دوبارہ رول اوور کی گئی۔ یہ ہدایات دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعلقات کے تسلسل کی عکاسی کرتی ہیں۔
اس معاہدے کی توسیع دونوں ملکوں کے درمیان مضبوط اقتصادی روابط اور سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کیلئے جاری تعاون کا واضح اشارہ ہے، جو پاکستانی معیشت کی ترقی اور مالی استحکام میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔