ریاض(ایگزو نیوز ڈیسک)پاکستان کو درپیش مالی دباو میں کمی کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں سعودی عرب نے پاکستان میں رکھے گئے اپنے 3 ارب ڈالر کے ڈپازٹ کو مزید مدت کیلئے برقرار رکھنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔اس سلسلے میں سٹیٹ بینک آف پاکستان اور سعودی فنڈ برائے ترقی کے درمیان باقاعدہ معاہدہ طے پا گیا ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق معاہدے پر سعودی فنڈ برائے ترقی کے چیف ایگزیکٹو اور سٹیٹ بینک آف پاکستان کے گورنر جمیل احمد نے دستخط کئے جبکہ تقریب میں وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب بھی شریک ہوئے۔ وزیر خزانہ نے اس موقع پر کہا کہ یہ معاہدہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مضبوط اور دیرینہ اقتصادی تعلقات کا واضح اظہار ہے اور اس سے ملک کے بیرونی مالی استحکام کو مزید تقویت ملے گی۔
ادھر سٹیٹ بینک آف پاکستان نے تصدیق کی ہے کہ سعودی عرب کی جانب سے 2 ارب ڈالر کی رقم پاکستان کو موصول ہو چکی ہے، جس کے نتیجے میں ملکی زرمبادلہ ذخائر میں نمایاں بہتری آئی ہے اور فوری مالی دباو میں کمی واقع ہوئی ہے۔یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب پاکستان کو رواں ماہ متعدد اہم مالی ادائیگیوں کا سامنا ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان نے حال ہی میں یوروبانڈ کی مد میں ایک ارب بیس کروڑ ڈالر کی ادائیگی مکمل کی ہے جبکہ متحدہ عرب امارات کو بھی تقریباً ساڑھے 3 ارب ڈالر ادا کرنا ہیں۔یاد رہے کہ متحدہ عرب امارات نے اپنے ڈپازٹس کو رول اوور کرنے سے انکار کر دیا تھا، جس کے باعث پاکستان پر مالی دباو بڑھنے کا خدشہ پیدا ہو گیا تھا تاہم سعودی عرب کی جانب سے ڈپازٹ رول اوور اور نئی رقم کی فراہمی نے اس خطرے کو بڑی حد تک کم کر دیا ہے۔واضح رہے کہ یہ پیش رفت نہ صرف زر مبادلہ ذخائر کو سہارا دے گی بلکہ عالمی مالیاتی اداروں کے ساتھ پاکستان کے اعتماد کو بھی مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے، جس سے آئندہ مالی حکمت عملی کیلئے مثبت اثرات مرتب ہونے کی توقع ہے۔
پاکستان کیلئے بڑی خوشخبری،سعودی عرب کا 3 ارب ڈالر ڈپازٹ برقرار رکھنے کا فیصلہ،معاہدہ طے پا گیا
8