Home » سعودی عرب نے رئیل سٹیٹ مارکیٹ عالمی سرمایہ کاروں کیلئے کھول دی،غیر ملکیوں کو جائیداد خریدنے کی اجازت

سعودی عرب نے رئیل سٹیٹ مارکیٹ عالمی سرمایہ کاروں کیلئے کھول دی،غیر ملکیوں کو جائیداد خریدنے کی اجازت

by ahmedportugal
11 views
A+A-
Reset

ریاض(ایگزو نیوز ڈیسک)سعودی عرب نے رئیل سٹیٹ کے شعبے میں بڑے اور تاریخی فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے غیر ملکی شہریوں اور کمپنیوں کے لیے ملک میں جائیداد کی خرید و فروخت اور سرمایہ کاری کے دروازے باضابطہ طور پر کھول دیے ہیں،یہ فیصلہ تیزی سے بڑھتی ہوئی پراپرٹی مارکیٹ کو عالمی سرمایہ کاروں کیلئے پرکشش بنانے اور سعودی وژن 2030 کے معاشی اہداف کے حصول کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق رئیل اسٹیٹ جنرل اتھارٹی(ریگا)کا کہنا ہے کہ متعارف کرایا گیا نیا فریم ورک نہ صرف غیر ملکی افراد بلکہ بیرونی کمپنیوں کو بھی رہائشی، تجارتی اور زرعی زمین میں سرمایہ کاری کی اجازت دیتا ہے بلکہ اس قانون کا مقصد سعودی جائیداد مارکیٹ کو فعال بنانا، تعمیراتی معیار بہتر کرنا، روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنا اور شہری منصوبہ بندی کو عالمی معیار سے ہم آہنگ کرنا ہے۔اتھارٹی نے واضح کیا کہ نئے ضوابط کے تحت غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ملک کے ان مخصوص علاقوں میں جائیداد خریدنے کی اجازت ہو گی جن کی منظوری سعودی کابینہ دے گی۔ان علاقوں سے متعلق رہنما اصول،زوننگ پالیسی اور سرمایہ کاری کی شرائط جلد جاری کی جائیں گی۔ ریگا کے مطابق قوانین کی تیاری کے دوران شہری ترقی،معاشی استحکام اور پائیدار ترقی کو ترجیح دی جا رہی ہے۔سعودی عرب اس وقت نیوم،قدیہ، دی ریڈ سی گلوبل،درعیہ گیٹ اور دیگر عالمی معیار کے میگا پراجیکٹس پر تیزی سے کام کر رہا ہے،جن کے لیے بھاری بیرونی سرمایہ کاری کی متوقع آمد نئے قانون کی اہمیت کو مزید بڑھا دیتی ہے۔ماہرین کے مطابق رئیل سٹیٹ مارکیٹ کو غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے کھولنے سے نہ صرف ان میگا پراجیکٹس کی رفتار بڑھے گی بلکہ سعودی معیشت کو بھی طویل مدتی استحکام اور ترقی کی نئی راہیں ملیں گی۔

ریگا نے اس فیصلے کو ملکی رئیل سٹیٹ سیکٹر کا ”تاریخی سنگ میل“ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام سعودی عرب کی طویل مدتی معاشی حکمت عملی کا بنیادی حصہ ہے،جس سے اگلے چند برسوں میں تعمیرات،ہاوسنگ،سرمایہ کاری اور شہری ترقی کے شعبوں میں نمایاں مثبت اثرات سامنے آئیں گے۔اتھارٹی کے مطابق اس فیصلے کے بعد سعودی عرب خطے میں ایک مضبوط سرمایہ کاری حب کے طور پر ابھرے گا اور عالمی سرمایہ کاروں کے لیے ایک نئے دور کا آغاز ہو جائے گا۔
نئے قانون کے نفاذ کے بعد توقع کی جا رہی ہے کہ سعودی رئیل سٹیٹ مارکیٹ میں نہ صرف غیر ملکی سرمایہ کاروں کی دلچسپی بڑھے گی بلکہ مقامی مارکیٹ میں بھی مسابقت،شفافیت اور جدید تعمیراتی رجحانات کو فروغ ملے گا،جو مجموعی طور پر سعودی معیشت کی رفتار میں اہم کردار ادا کریں گے۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز