Home » پاکستانی ڈاکٹرز اور نرسوں کیلئے سعودی عرب میں بڑی خوشخبری،قونصلیٹ جدہ اور اندلس عربیہ میں اہم معاہدہ طے پا گیا

پاکستانی ڈاکٹرز اور نرسوں کیلئے سعودی عرب میں بڑی خوشخبری،قونصلیٹ جدہ اور اندلس عربیہ میں اہم معاہدہ طے پا گیا

by ahmedportugal
28 views
A+A-
Reset

جدہ (امیر محمد خان سے) سعودی عرب میں پاکستانی افرادی قوت کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے، سعودی مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہنرمند اور تربیت یافتہ پاکستانی کارکنوں کی فراہمی اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مفادات کے تحفظ کے لیے پاکستان قونصلیٹ جدہ کا کمیونٹی ویلفیئر ونگ متحرک ہوگیا ہے، اس سلسلے میں حکومت پاکستان کے اوورسیز ایمپلائمنٹ کارپوریشن (او ای سی) اور سعودی عرب کی اندلس عربیہ برائے طبی خدمات کے درمیان مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کیے گئے ہیں۔


ایگزو نیوز کے مطابق مفاہمت کی یادداشت کا مقصد سعودی عرب میں قابل پاکستانی ڈاکٹروں، نرسوں اور صحت کے شعبے سے وابستہ دیگر تربیت یافتہ اور اہل پیشہ ور افراد کی بھرتی اور تعیناتی کے لیے ایک منظم فریم ورک قائم کرنا ہے،جس کے نتیجے میں پاکستانی طبی ماہرین کے لیے سعودی مارکیٹ میں روزگار کے مزید مواقع پیدا ہونے کی راہ ہموار ہوگی۔معاہدے پر حکومت پاکستان کی جانب سے جدہ میں پاکستان کے قونصل جنرل سید مصطفیٰ ربانی نے دستخط کیے جبکہ سعودی ادارے اندلس عربیہ برائے طبی خدمات کی جانب سے علاقائی میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد احمد صالح نے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے۔یہ پیش رفت پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ اقتصادی اور ادارہ جاتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی جانب اہم قدم قرار دی جارہی ہے۔معاہدے کے ذریعے پاکستانی طبی افرادی قوت کو سعودی عرب میں اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتیں بروئے کار لانے کے لیے مزید مواقع میسر آنے کی توقع ہے جبکہ پاکستان کے لیے بھی بیرون ملک روزگار کے ذریعے زرمبادلہ اور ترسیلات زر میں اضافے کی راہ ہموار ہوسکتی ہے۔
پاکستان قونصلیٹ جدہ کا کمیونٹی ویلفیئر ونگ سعودی عرب کے مغربی خطے میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی فلاح و بہبود،ان کے مفادات کے تحفظ اور پاکستان سے سعودی عرب آنے والے افراد کے لیے روزگار کے مواقع تلاش کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ویلفیئر ونگ کی ذمہ داریوں میں سعودی مارکیٹ میں پاکستانی افرادی قوت کے لیے دستیاب مواقع کی نشاندہی،متعلقہ اداروں سے رابطہ اور کارکنوں کو مختلف معاملات میں رہنمائی فراہم کرنا بھی شامل ہے۔حالیہ عرصے میں پاکستانی افرادی قوت کے فروغ کا معاملہ پاکستان اور سعودی عرب کے بڑھتے ہوئے اقتصادی تعاون میں مزید اہمیت اختیار کرگیا ہے۔دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی روابط کو وسعت دینے کے ساتھ ساتھ سعودی مارکیٹ میں پاکستانی کارکنوں کی تعداد اور معیار بہتر بنانے پر بھی توجہ دی جارہی ہے۔موجودہ حکمت عملی میں صرف افرادی قوت کی تعداد بڑھانے کے بجائے ایسے ہنرمند،تربیت یافتہ اور پیشہ ور افراد کو سعودی عرب بھیجنے پر زور دیا جارہا ہے جو وہاں کی مارکیٹ کی حقیقی ضروریات پوری کرسکیں۔

قونصلیٹ جدہ کے قونصل جنرل سید مصطفیٰ ربانی کی سربراہی میں ویلفیئر ونگ کے افسران مختلف سعودی اداروں اور کمپنیوں کی انتظامیہ سے مسلسل رابطے اور ملاقاتیں کررہے ہیں تاکہ ان شعبوں کی نشاندہی کی جاسکے جہاں پاکستانی افرادی قوت اپنی صلاحیتوں کے ذریعے بہتر کردار ادا کرسکتی ہے۔اس رابطہ کاری کے نتیجے میں مختلف اداروں کے ساتھ مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کرنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔سعودی عرب میں وژن 2030 کے تحت جاری بڑے ترقیاتی اور معاشی منصوبوں کے باعث مختلف شعبوں میں تربیت یافتہ اور ہنرمند افرادی قوت کی ضرورت میں اضافہ ہوا ہے۔تعمیرات،انجینئرنگ،انفارمیشن ٹیکنالوجی،صحت، ہوٹلنگ،سیاحت،لاجسٹکس،ایوی ایشن اور دیگر شعبوں میں پیشہ ور افراد کے لیے نئے مواقع پیدا ہورہے ہیں۔پاکستان قونصلیٹ جدہ ان مواقع کو پاکستانی افرادی قوت کے لیے بروئے کار لانے اور انہیں ملک کی معیشت، روزگار اور ترسیلات زر میں اضافے سے جوڑنے کے لیے کوششیں کررہا ہے۔خصوصاً صحت کے شعبے میں اندلس عربیہ کے ساتھ ہونے والا ایم او یو پاکستانی ڈاکٹروں،نرسوں اور دیگر طبی ماہرین کے لیے اہم پیش رفت ہے۔

سعودی عرب میں اندلس عربیہ کے 14 ہسپتال اور 200 سے زائد کلینکس موجود ہیں،جس کے باعث طبی شعبے میں روزگار کے لیے ایک وسیع ادارہ جاتی نیٹ ورک دستیاب ہے۔معاہدے کے تحت اہل پاکستانی طبی ماہرین کی بھرتی اور تعیناتی کے عمل کو منظم اور موثر بنانے کی کوشش کی جائے گی۔قونصلیٹ کے ویلفیئر ونگ کے افسران اذکاء ظفر،زینب اسد اور عاکف اقبال بھی پاکستانی افرادی قوت کے لیے نئے مواقع تلاش کرنے اور سعودی اداروں کے ساتھ رابطہ کاری کے عمل میں سرگرم کردار ادا کررہے ہیں۔سعودی عرب کے مغربی خطے میں بڑی تعداد میں پاکستانی شہری مقیم ہیں اور قونصلیٹ جدہ ان کی فلاح و بہبود،قانونی و انتظامی رہنمائی اور مفادات کے تحفظ کے لیے اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہا ہے۔افرادی قوت کے لیے نئے مواقع پیدا کرنے کی یہ کوششیں نہ صرف بیرون ملک پاکستانیوں کے لیے روزگار کے امکانات بڑھانے کا ذریعہ بن سکتی ہیں بلکہ پاکستان کے لیے قیمتی زرمبادلہ اور ترسیلات زر میں اضافے کا بھی اہم ذریعہ ثابت ہوسکتی ہیں۔

پاکستان قونصلیٹ جدہ اور سعودی اداروں کے درمیان بڑھتے ہوئے روابط کو دونوں برادر ممالک کے دیرینہ تعلقات کے تناظر میں بھی اہم قرار دیا جارہا ہے۔طبی شعبے میں ہونے والی اس مفاہمت کے بعد دیگر شعبوں میں بھی پاکستانی ہنرمندوں کے لیے سعودی مارکیٹ میں نئے مواقع تلاش کرنے کی کوششیں جاری رکھنے کا امکان ہے،جس سے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اقتصادی تعاون اور افرادی قوت کے تبادلے کو مزید وسعت مل سکتی ہے۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز