ریاض(امیر محمد خان سے)سعودی عرب نے عمرہ زائرین کے لیے ایک بڑی سہولت کا اعلان کرتے ہوئے ایک سالہ ملٹی پل انٹری ویزا متعارف کرا دیا ہے،جس کے تحت زائرین اب ایک ہی ویزے پر سال بھر کے دوران متعدد بار سعودی عرب کا سفر کر سکیں گے۔
نئے ویزا نظام کے مطابق عمرہ زائرین کو 365 دن کی مدت کے لیے ویزا جاری کیا جائے گا،جس کے ذریعے وہ ایک سال کے دوران کئی مرتبہ مملکت کا دورہ کر سکیں گے تاہم اس ویزے کے تحت زائرین کا مجموعی قیام 90 دن تک محدود ہو گا۔سعودی حکام کے مطابق یہ سہولت دنیا بھر سے آنے والے عمرہ زائرین کے لیے سفری آسانیاں پیدا کرنے اور عمرہ کے عمل کو مزید منظم بنانے کی غرض سے متعارف کرائی گئی ہے۔ایک سالہ ملٹی پل انٹری ویزا اجرا کی تاریخ سے موثر ہو گا اور اس مدت کے دوران زائرین اپنی سہولت کے مطابق عمرہ کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب آ جا سکیں گے۔نئے ویزا نظام کے تحت اگرچہ سال بھر متعدد بار عمرہ کی اجازت ہوگی تاہم حج سیزن کے دوران اس ویزے کے ذریعے سعودی عرب میں داخلہ ممکن نہیں ہو گا۔حج کے ایام میں داخلے کے لیے مقررہ قوانین اور اجازت ناموں پر عمل کرنا ضروری ہو گا۔سعودی عرب کی جانب سے عمرہ زائرین کے لیے یہ اقدام مذہبی سیاحت کے فروغ،سفری سہولیات میں بہتری اور دنیا بھر سے آنے والے مسلمانوں کے لیے عبادت کے مواقع آسان بنانے کی کوششوں کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔
ایک ویزہ، کئی عمرے،سعودی عرب نے زائرین کیلئے سالانہ ملٹی پل انٹری ویزا متعارف کرا دیا
48