فیفا نے تصدیق کی ہے کہ سعودی عرب 2034 میں مردوں کے فٹ بال ورلڈ کپ کی میزبانی کرے گا، جبکہ 2030 کا ایڈیشن اسپین، پرتگال اور مراکش میں ہوگا، جس میں تین جنوبی امریکی ممالک میں نمائشی میچز بھی ہوں گے۔
فیفا کے صدر جیانی انفنٹینو نے کہا کہ 2030 اور 2034 ورلڈ کپ کے لیے صرف ایک ہی بڈ موجود تھی، اور دونوں کو یک آواز سے منظور کر لیا گیا۔
فیفا کے صدر جیانی انفنٹینو نے 2030 ورلڈ کپ کے حوالے سے کہا، ہم فٹ بال کو مزید ممالک میں لے کر جا رہے ہیں، اور ٹیموں کی تعداد میں اضافے نے معیار کو کم نہیں کیا، بلکہ مواقع میں اضافہ کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا، 2030 میں ورلڈ کپ کا 100 ویں سالگرہ منانے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ یہ چھ ممالک اور تین براعظموں میں ہو، جس میں 48 ٹیمیں اور 104 شاندار میچز ہوں گے۔ دنیا ایک لمحے کے لیے رک جائے گی اور ورلڈ کپ کے 100 سال کی خوشی منائے گی۔
انفنٹینو نے تمام بڈنگ ممالک کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا، میں چھ کنفیڈریشن کے صدور اور ان کی ٹیموں کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گا جنہوں نے شاندار فائلیں پیش کیں۔
مراکش، اسپین اور پرتگال کی مشترکہ پیشکش کے تحت 2030 ورلڈ کپ تین براعظموں اور چھ ممالک میں کھیلا جائے گا، جب کہ یوراگوئے، ارجنٹینا اور پیراگوئے میں جشن کے طور پر ورلڈ کپ کے میچز منعقد ہوں گے۔