سعودی عرب نے عرب سرزمین کو اسرائیل کا حصہ ظاہر کرنے والے نقشے کی مذمت کرتے ہوئے عالمی طاقتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیل کو ایسے اقدامات کرنے سے روکے۔
سعودی وزارت خارجہ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ یہ نقشہ عرب ممالک کے بعض حصوں، بشمول اردن، لبنان اور شام کو اسرائیل کے متنازعہ سرحدوں میں شامل دکھاتا ہے جو کہ حقیقت سے ہم آہنگ نہیں ہے۔
مملکت نے کہا کہ اس طرح کے انتہا پسندانہ دعوے اسرائیلی حکام کے قبضے کو مستحکم کرنے، ریاستوں کی خودمختاری پر جارحانہ حملے جاری رکھنے اور بین الاقوامی قوانین اور اصولوں کی خلاف ورزی کرنے کی نیت کو ظاہر کرتے ہیں۔
سعودی عرب نے عالمی برادری سے ایک بار پھر یہ مطالبہ کیا کہ وہ خطے کے ممالک اور عوام کے خلاف اسرائیلی خلاف ورزیوں کو روکنے کی اپنی ذمہ داری ادا کرے۔
مملکت نے یہ بھی زور دیا کہ ریاستوں کی خودمختاری اور سرحدوں کا احترام کرنا ضروری ہے تاکہ علاقائی بحرانوں میں مزید شدت نہ آئے اور انصاف پر مبنی اور جامع امن کے حصول کی کوششوں کو نقصان نہ پہنچے۔