سرگودھا(ایگزو نیوز ڈیسک)سرگودھا کے تھانہ لکسیاں کی حدود میں امن و امان کے قیام کی کوشش اس وقت خونریز واقعے میں بدل گئی جب جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی کے دوران پولیس پر اچانک مسلح حملہ کر دیا گیا۔اس افسوسناک واقعے میں تھانہ لکسیاں کے ایس ایچ او عامر رضوان خان فرض کی ادائیگی کے دوران گولیاں لگنے سے شدید زخمی ہوئے اور بعد ازاں جامِ شہادت نوش کر گئے۔
ایگزو نیوز کے مطابق لکسیاں کے علاقے میں شہریوں کی جانب سے اطلاع موصول ہوئی تھی کہ دو مسلح گروپوں کے درمیان شدید فائرنگ اور تصادم جاری ہے۔ اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او عامر رضوان خان پولیس نفری کے ہمراہ فوری طور پر موقع پر پہنچے۔پولیس کی آمد پر ایک گروہ سے تعلق رکھنے والے ملزم نے بغیر کسی وارننگ کے پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ابتدائی معلومات کے مطابق نشے کی حالت میں موجود ملزم تصور نسوانہ نے سیدھا پولیس کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں ایک گولی ایس ایچ او عامر رضوان خان کے سینے میں آ لگی۔ شدید زخمی حالت میں انہیں فوری طور پر ڈی ایچ کیو ہسپتال سرگودھا منتقل کیا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گئے۔واقعے کے فوری بعد ڈی پی او سرگودھا بھاری نفری کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچ گئے جبکہ علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ اور ناکہ بندی کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔پولیس حکام کے مطابق ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور سہولت کاروں کا بھی سراغ لگایا جا رہا ہے۔شہید ایس ایچ او عامر رضوان خان کو ایک دلیر، نڈر اور فرض شناس افسر قرار دیا جا رہا ہے،جو اس سے قبل سرگودھا شہر کے مختلف حساس علاقوں میں بھی خدمات انجام دے چکے تھے۔ڈی ایچ کیو ہسپتال سرگودھا میں ان کا پوسٹ مارٹم جاری ہے،جہاں پولیس افسران اور اہلکاروں کی بڑی تعداد موجود ہے۔سسرگودھا پولیس کے اعلیٰ حکام نے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ شہید افسر کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی اور قاتلوں کو جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔پولیس کی جانب سے شہریوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ مشکوک سرگرمیوں کی فوری اطلاع دیں تاکہ ملزمان کی گرفتاری میں مدد مل سکے۔
سرگودھا میں قانون کے رکھوالے پر قاتلانہ حملہ،ایس ایچ او عامر رضوان جامِ شہادت نوش کر گئے
9