کراچی(ایگزو نیوز ڈیسک)پاکستان کی سینئر اور معروف اداکارہ ثانیہ سعید نے کہا ہے کہ محض ٹرانسپورٹ منصوبوں سے کسی بھی بڑے شہر کے بنیادی مسائل حل نہیں کیے جا سکتے،اصل ضرورت شہریوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق کراچی میں ایک پریس ٹاک کے دوران گفتگو کرتے ہوئے معروف اداکارہ ثانیہ سعید نے کہا کہ شہر میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر توجہ دینے کے ساتھ ساتھ سب سے اہم مسئلہ روزگار کی فراہمی ہے،کیونکہ معاشی سرگرمیوں کے بغیر شہری زندگی میں حقیقی بہتری ممکن نہیں۔ثانیہ سعید نے سوال اٹھایا کہ اگر شہریوں کے پاس روزگار ہی نہیں ہو گا تو وہ گرین بس یا دیگر ٹرانسپورٹ سہولیات استعمال کر کے کہاں جائیں گے؟۔انہوں نے کہا کہ کراچی جیسے بڑے اور گنجان آباد شہر کو اس انداز میں نہیں بنایا گیا تھا تاہم اب صورتحال یہ ہے کہ اس کی آبادی تیزی سے بڑھ چکی ہے اور وسائل محدود ہیں۔اداکارہ کے مطابق اصل چیلنج شہریوں کو معیشت کا حصہ بنانا ہے تاکہ نوجوان نسل کو روزگار میسر آئے اور وہ اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لا سکیں۔ان کا کہنا تھا کہ جب تک لوگوں کو آمدن کے مواقع نہیں ملتے، صرف بس سروسز یا انفراسٹرکچر منصوبے کسی بڑی تبدیلی کا باعث نہیں بن سکتے۔انہوں نے مزید کہا کہ گرین لائن،اورنج لائن یا ریڈ لائن جیسے منصوبے شہر کی خوبصورتی یا سہولت میں تو اضافہ کر سکتے ہیں لیکن یہ اقدامات اکیلے شہر کو ترقی یافتہ نہیں بنا سکتے۔حقیقی ترقی اس وقت ہوتی ہے جب عوام کے پاس روزگار ہو اور وہ معیشت میں فعال کردار ادا کریں۔اداکارہ ثانیہ سعید نے اس بات پر زور دیا کہ کراچی کی بڑھتی ہوئی آبادی کے پیش نظر حکومت کو ایک جامع پالیسی اپنانا ہوگی جس میں روزگار کی فراہمی، معاشی ترقی اور شہری منصوبہ بندی کو یکساں اہمیت دی جائے۔انہوں نے کہا کہ اگر نوجوانوں کو بہتر مواقع فراہم کیے جائیں تو نہ صرف غربت میں کمی آئے گی بلکہ شہر کی مجموعی صورتحال بھی بہتر ہو سکتی ہے، اس لیے پائیدار ترقی کے لیے معاشی منصوبہ بندی کو ترجیح دینا ناگزیر ہے۔
کراچی کی ترقی روزگار سے جڑی ہے،صرف ٹرانسپورٹ منصوبے کافی نہیں،اداکارہ ثانیہ سعید نے سندھ حکومت کو ا?ئینہ دکھا دیا
10