لاہور(ایگزو نیوز ڈیسک)پاکستانی اداکارہ صنم جنگ نے ملک واپسی کے ایک ماہ کے دوران مسلسل ای چالانز اور جرمانوں پر اپنی پریشانی کا اظہار کرتے ہوئے ٹریفک جرمانوں کے نظام پر سوالات اٹھا دیے ہیں۔
ایگزو نیوز کے مطابق صنم جنگ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر جاری ایک ویڈیو پیغام میں بتایا کہ پاکستان آنے کے بعد صرف ایک ماہ کے دوران انہیں 6 مرتبہ جرمانے کا سامنا کرنا پڑا، جس کے باعث وہ ذہنی دباو کا شکار ہیں۔اداکارہ کے مطابق ابتدائی طور پر ہونے والا جرمانہ درست تھا کیونکہ وہ گاڑی چلاتے ہوئے فون پر بات کر رہی تھیں،جسے کیمرے میں بھی ریکارڈ کیا گیا تاہم بعد کے بعض جرمانے ان کے بقول ایسی خلاف ورزیوں پر کیے گئے جو انہوں نے کی ہی نہیں۔صنم جنگ نے کہا کہ ان پر سیٹ بیلٹ نہ پہننے کا بھی جرمانہ کیا گیا،حالانکہ ان کا کہنا ہے کہ وہ ہمیشہ سیٹ بیلٹ استعمال کرتی ہیں اور بیرون ملک رہنے کی وجہ سے یہ ان کی مستقل عادت بن چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ گاڑی سٹارٹ کرنے سے پہلے سیٹ بیلٹ لازمی باندھتی ہیں،اس لیے انہیں سمجھ نہیں آ رہی کہ بعض ایسے جرمانے کیوں عائد کیے جا رہے ہیں جن کا تعلق ان کی کسی غلطی سے نہیں۔اداکارہ نے بتایا کہ مسلسل جرمانوں کی وجہ سے ان کے والد بھی ناراض ہیں اور وہ خود بھی اس صورتحال سے پریشان ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ غلطی پر سزا قبول ہے تاہم ایسی خلاف ورزیوں پر جرمانہ نہیں ہونا چاہیے جو کسی شخص نے کی ہی نہ ہوں۔صنم جنگ کے بیان کے بعد سوشل میڈیا پر بھی ای چالان نظام،کیمروں کی درستگی اور جرمانوں کے طریقہ کار پر بحث شروع ہو گئی ہے جبکہ شہریوں کی جانب سے بھی ٹریفک جرمانوں کے شفاف نظام کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔
صنم جنگ کا ای چالان پر احتجاج،ایک ماہ میں 6 جرمانوں نے اداکارہ کو پریشان کر دیا
14