لاہور(ایگزو نیوز ڈیسک)سمیر منہاس کی جارحانہ اور پراعتماد بیٹنگ نے لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے گئے مقابلے کا نقشہ یکسر بدل دیا، جہاں اسلام آباد یونائیٹڈ نے راولپنڈیز کو یکطرفہ انداز میں شکست دے کر اپنی برتری ثابت کر دی،ہدف کے تعاقب میں منہاس کی تیز رفتار اننگز نے نہ صرف میچ کو جلد سمیٹا بلکہ حریف ٹیم کو کسی بھی مرحلے پر واپسی کا موقع نہ دیا، جس کے باعث مقابلہ یکسر یکطرفہ دکھائی دیا۔
ایگزو نیوز کے مطابق لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ کے ایک اہم میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے راولپنڈیز کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔بارش کے باعث تاخیر سے شروع ہونے والے اس میچ میں کھیل بحال ہوتے ہی مقابلہ یکطرفہ ہوتا چلا گیا۔اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر راولپنڈیز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی،جس پر راولپنڈیز مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 156 رنز بنا سکی۔ٹیم کی جانب سے کامران غلام نے ذمہ دارانہ نصف سنچری سکور کرتے ہوئے 50 رنز بنائے جبکہ ڈائن فورسٹر 44 رنز کے ساتھ نمایاں رہے دیگر بیٹرز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے اور ابتدائی وکٹیں جلد گرنے کے باعث ٹیم بڑا مجموعہ ترتیب دینے میں ناکام رہی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے باولنگ میں رچرڈ گلیسن،فہیم اشرف اور سلمان ارشاد نے دو،دو کھلاڑیوں کو آوٹ کر کے حریف ٹیم کو دباو میں رکھا،جس کے نتیجے میں راولپنڈیز کا سکور محدود رہا۔157 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پراعتماد انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 3 وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ ہدف 15ویں اوور میں حاصل کر لیا۔سمیر منہاس نے جارحانہ اور شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 36 گیندوں پر 70 رنز بنا کر ٹیم کی جیت میں مرکزی کردار ادا کیا۔ان کے علاوہ حیدر علی نے 26 اور مارک چیپمین نے ناقابل شکست 24 رنز سکور کیے۔راولپنڈیز کی جانب سے محمد عامر،راشد حسین اور جلات خان ایک،ایک وکٹ حاصل کر سکے تاہم وہ اسلام آباد کی مضبوط بیٹنگ لائن کو زیادہ دیر تک نہ روک سکے۔اس کامیابی کے ساتھ اسلام آباد یونائیٹڈ نے ایونٹ میں اپنی پوزیشن مستحکم کر تے ہوئے پوائنٹس ٹیبل پر دوسری پوزیشن حاصل کر لی جبکہ کراچی کنگز تینوں میچز جیت کر سرفہرست ہے۔اسلام آباد کا ایک میچ بارش کی نذر ہونے کے باعث ٹیم کو ایک اضافی پوائنٹ بھی حاصل ہوا،جس نے اسے جدول میں مضبوط مقام دلانے میں مدد دی۔یہ میچ اسلام آباد یونائیٹڈ کی منظم حکمت عملی،متوازن ٹیم کمبی نیشن اور جارحانہ بیٹنگ کا واضح مظہر ثابت ہوا جبکہ راولپنڈیز کو آئندہ میچز میں اپنی کارکردگی بہتر بنانے کی ضرورت محسوس ہوگی۔