Home » سیندک منصوبہ ہائی الرٹ،حکومت کی چینی کمپنی کو فول پروف سکیورٹی کی یقین دہانی،منصوبے کو ہر قیمت پر محفوظ بنانے کا اعلان

سیندک منصوبہ ہائی الرٹ،حکومت کی چینی کمپنی کو فول پروف سکیورٹی کی یقین دہانی،منصوبے کو ہر قیمت پر محفوظ بنانے کا اعلان

by ahmedportugal
6 views
A+A-
Reset

اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے بلوچستان میں واقع سیندک منصوبے پر کام کرنے والی چینی کمپنی کو اضافی سکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے، تاکہ منصوبے کے تسلسل، عملے کے تحفظ اور لاجسٹک سرگرمیوں کو بلا تعطل جاری رکھا جا سکے۔
ایگزو نیوز کے مطابق عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ وزارتِ داخلہ کو جولائی کے اوائل میں سیندک میٹلز لمیٹڈ کی جانب سے سکیورٹی سے متعلق خدشات سے آگاہ کیا گیا تھا، جس کے بعد فوری طور پر صوبائی حکومت اور متعلقہ سکیورٹی اداروں کو ہدایات جاری کی گئیں۔ ہدایات میں منصوبے کی تنصیبات، غیر ملکی و مقامی عملے، سپلائی چین، لاجسٹکس اور نقل و حمل کے راستوں کی سکیورٹی مزید موثر بنانے پر زور دیا گیا ہے۔طلال چوہدری نے واضح کیا کہ پاکستان میں بین الاقوامی کمپنیوں کے زیرِ انتظام منصوبوں کا تحفظ ریاستی ترجیحات میں شامل ہے اور اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ سیندک منصوبے کے لیے کارگو اور سامان کی نقل و حرکت کو بھی اضافی سکیورٹی فراہم کی جائے گی تاکہ کسی ممکنہ رکاوٹ یا خطرے کا سدباب کیا جا سکے۔

یہ پیش رفت ایک بین الاقوامی رپورٹ کے بعد سامنے آئی،جس میں سیندک میٹلز لمیٹڈ کی جانب سے سپلائی لائنز میں تعطل پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا گیا تھا کہ اگر صورتحال برقرار رہی تو منصوبے کی سرگرمیاں متاثر ہو سکتی ہیں۔ اس تناظر میں حکومتی اقدامات کو نہ صرف فوری ردعمل بلکہ سرمایہ کاروں کے اعتماد کی بحالی کی کوشش بھی قرار دیا جا رہا ہے۔دوسری جانب چین کی وزارت خارجہ نے اس مخصوص معاملے پر لاعلمی کا اظہار کیا ہے تاہم دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ تعلقات اور سٹریٹجک شراکت داری کو دہراتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ چین اپنے شہریوں اور منصوبوں کے تحفظ کے لیے پاکستان کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھے گا۔

سیندک منصوبہ بلوچستان کے ضلع چاغی میں واقع ہے اور اسے چین کی سرکاری کمپنی میٹالرجیکل کارپوریشن آف چائنا چلا رہی ہے، جس کے ساتھ لیز معاہدے میں 2022 میں مزید 15 سال کی توسیع کی گئی تھی۔ یہ منصوبہ پاکستان میں معدنی وسائل کے شعبے میں اہمیت کا حامل ہے اور اس سے تانبے اور سونے کی پیداوار حاصل کی جا رہی ہے۔ماہرین کے مطابق سیندک منصوبے کی سکیورٹی نہ صرف اس پراجیکٹ بلکہ بلوچستان میں جاری دیگر بڑے منصوبوں کے لیے بھی کلیدی حیثیت رکھتی ہے، جن میں ریکوڈک منصوبہ بھی شامل ہے جو تقریباً 9 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری پر مشتمل ہے اور سیندک سے محض 50 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔بلوچستان میں سکیورٹی چیلنجز کے باعث ماضی میں بھی سرمایہ کاری متاثر رہی ہے،جس کے پیش نظر حکومت کی جانب سے حالیہ اقدامات کو سرمایہ کاروں کے اعتماد کی بحالی اور اقتصادی سرگرمیوں کے تسلسل کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز