پاکستان کے اوپننگ بلے باز صائم ایوب ٹخنے کی انجری کے باعث جنوبی افریقہ کے خلاف جاری دوسرے ٹیسٹ میچ سے باہر ہوگئے۔
کیپ ٹاؤن میں دوسرے ٹیسٹ کے پہلے سیشن میں فیلڈنگ کے دوران صائم ایوب کا ٹخنہ مڑ گیا تھا۔ جس کے بعد اوپننگ بلے باز کے ساتھیوں نے اُن کو باہر جانے میں اُن کی مدد کی۔
اب، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ بائیں ہاتھ کے بلے باز کو دوسرے ٹیسٹ سے باہر کردیا گیا ہے۔
پی سی بی کے ترجمان نے کہا کہ صائم نے ایکسرے اور ایم آر آئی ٹیسٹ کروائے اور رپورٹس لندن میں ماہرین کو علاج اور مشورے کیلئے بھیج دی گئی ہیں۔
اگرچہ پی سی بی آفیشل نے ان کی صحتیابی کے عمل کی ٹائم لائن ظاہر نہیں کی، صائم ایوب کی انجری کو پاکستان کیلئے ایک بڑا دھچکا سمجھا جاتا ہے کیونکہ قومی ٹیم دوسرے ٹیسٹ میں کامیابی حاصل کرکے سیریز برابر کرنا چاہتی ہے۔