انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی تازہ ترین ون ڈے رینکنگ میں پاکستان کے اوپنر بلے باز صائم ایوب کی بڑی چھلانگ، 57 درجے ترقی کے بعد 23 ویں نمبر پر آگئے۔
تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ کے خلاف ون ڈے سیریز میں شاندار کارکردگی کے بعد ون ڈے رینکنگ میں صائم ایوب نے بڑی چھلانگ لگائی ہے۔ بلے اور گیند دونوں کے ساتھ اپنی غیر معمولی کارکردگی کے باعث انہوں نے 603 پوائنٹس حاصل کیے ہیں، جس سے انہیں ون ڈے بلے بازوں میں کوسل مینڈس کے ساتھ مشترکہ پوزیشن پر رکھا گیا ہے۔
دوسری جانب پاکستان کے بلے باز بابر اعظم نے دنیا کے نمبر 1 ون ڈے بلے باز کے طور پر اپنی پوزیشن برقرار رکھی ہے۔
جنوبی افریقہ کے خلاف ون ڈے سیریز میں صائم کی شاندار کارکردگی ان کی دوسری سنچری پر اختتام پذیر ہوئی، یہ ایک ایسا کارنامہ ہے جس نے نہ صرف ان کی بیٹنگ کی صلاحیت کو اجاگر کیا بلکہ انہیں سیریز کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز بھی دلوایا۔