کراچی(ایگزو نیوز ڈیسک)مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے درمیان بڑھتی ہوئی سیاسی کشیدگی کے پس منظر میں سیاسی منظرنامہ ایک بار پھر ہلچل کا شکار ہو ہے۔اس صورتحال میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری خود میدان میں آگئے ہیں اور حالات کو مزید بگڑنے سے روکنے کے لیے فاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کو فوری طور پر مصالحت اور کشیدگی کم کرنے کا اہم ٹاسک سونپ دیا ہے، سیاسی حلقوں میں اس پیش رفت کو مرکز اور صوبوں کے درمیان جاری طاقت کے کھیل میں ایک بڑے ”پاور موو“کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
ایگزونیوز کے مطابق سندھ اور پنجاب حکومتوں کے درمیان جاری سیاسی کشیدگی کم کرانے کے لیے صدرِ مملکت آصف علی زرداری متحرک ہوگئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق صدرِ مملکت اور وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی کے درمیان بلاول ہاوس کراچی میں اہم ملاقات ہوئی، جس میں دونوں رہنماوں نے صوبوں کے درمیان پیدا ہونے والی صورتحال اور سیاسی ہم آہنگی کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات کے دوران صدر آصف علی زرداری نے وفاقی وزیرِ داخلہ کو ہدایت کی کہ وہ وفاقی سطح پر ہم آہنگی کے فروغ اور صوبوں کے درمیان جاری کشیدگی کم کرنے کے لیے فعال کردار ادا کریں۔ صدر نے زور دیا کہ قومی اتفاقِ رائے اور سیاسی توازن ہی ملکی استحکام کا ضامن ہیں۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے صدرِ مملکت کو ملک میں امن و امان کی مجموعی صورتحال پر بریفنگ دی اور مختلف صوبائی حکومتوں کے درمیان رابطوں کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔ ملاقات میں پنجاب کی نگران حکومت کے بعد پیدا ہونے والی سیاسی خفگی، بعض بیانات اور انتظامی فیصلوں کے اثرات پر بھی بات چیت کی گئی۔ذرائع کے مطابق صدر آصف علی زرداری نے اس موقع پر پیپلز پارٹی کے رہنماوں کو بھی حالیہ صورتحال میں محتاط گفتگو کا مشورہ دیا ہے تاکہ سیاسی درجہ حرارت میں مزید اضافہ نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی سطح پر تعاون اور افہام و تفہیم کی فضا پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی آئندہ روز وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کریں گے۔ اس ملاقات میں پنجاب حکومت کے حالیہ موقف، وزیراعلیٰ مریم نواز کے بیانات اور صوبائی انتظامی پالیسیوں پر بھی تبادلہ خیال متوقع ہے۔واضح رہے کہ صدر آصف زرداری کی متحرک سفارت کاری اور پسِ پردہ رابطے موجودہ سیاسی تناو کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں، جبکہ مرکز اور صوبوں کے درمیان بہتر روابط آنے والے دنوں میں ملکی سیاسی منظرنامے پر نمایاں اثر ڈال سکتے ہیں۔
مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی میں بڑھتی ہوئی کشیدگی،آصف زرداری میدان میں آ گئے،محسن نقوی کو اہم ٹاسک سونپ دیا
7