حکومت نے یکم جولائی سے پیٹرولیم مصنوعات اور گیس کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ کر دیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 8 روپے 36 پیسے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت میں 10 روپے 39 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد نئی قیمتیں بالترتیب 266 روپے 79 پیسے اور 272 روپے 98 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہیں۔ ان قیمتوں کا اطلاق فوری طور پر کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق نئی قیمتوں میں 2 روپے 50 پیسے کاربن لیوی بھی شامل کی گئی ہے، جب کہ پیٹرول پر مجموعی لیوی 75 روپے 52 پیسے اور ڈیزل پر 74 روپے 51 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔
اسی دوران اوگرا نے گھریلو، تجارتی اور صنعتی صارفین کے لیے گیس بھی مہنگی کر دی ہے۔ گھریلو صارفین کے لیے گیس کی نئی قیمتیں 200 سے 4,200 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کی گئی ہیں، جب کہ نان پروٹیکٹڈ صارفین پر 1,500 سے 3,000 روپے تک فکسڈ چارجز عائد کیے گئے ہیں۔ کمرشل، صنعتی، سی این جی، سیمنٹ اور بجلی گھروں کے نرخ بھی بڑھا دیے گئے ہیں۔
عالمی منڈی میں قیمتیں کم ہونے کے باوجود ملکی سطح پر اضافہ، عوام کے لیے شدید معاشی دباؤ کا باعث بن رہا ہے۔