دبئی(ایگزو نیوز ڈیسک)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)نے پاک بھارت میچ کے دوران پیش آنے والے تنازع پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) اور میریلبون کرکٹ کلب (ایم سی سی) کو باقاعدہ خط لکھ کر میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کے رویے کے خلاف شدید احتجاج ریکارڈ کرا دیا ہے۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے واضح کیا ہے کہ میچ ریفری نے نہ صرف آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق بلکہ ایم سی سی کے قوانین کی بھی کھلم کھلا خلاف ورزی کی، جس سے کھیل کی ساکھ کو نقصان پہنچا۔
ایگزو نیوز کے مطابق پی سی بی کی جانب سے درج کرائی گئی شکایت میں مو¿قف اختیار کیا گیا ہے کہ میچ ریفری نے دانستہ طور پر دونوں ٹیموں کے کپتانوں کو ہاتھ ملانے سے روکا، جو کھیل کی سپرٹ کے سراسر منافی ہے، اس واقعے پر قومی ٹیم کے منیجر نے فوری طور پر احتجاج بھی ریکارڈ کرایا۔ مزید برآں، پی سی بی نے خط میں یہ بھی نشاندہی کی کہ بھارتی کھلاڑیوں نے میچ کے بعد پاکستانی کرکٹرز سے ہاتھ نہ ملا کر جان بوجھ کر غیر مناسب رویہ اختیار کیا، جو بین الاقوامی کھیلوں کی روایات اور اسپرٹ آف کرکٹ کے خلاف ہے۔چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا کہنا ہے کہ اس معاملے کو معمولی نہیں لیا جا سکتا۔ انہوں نے زور دیا کہ ایشیا کپ سے میچ ریفری کو فوری طور پر ہٹایا جائے، بصورت دیگر پاکستان ٹورنامنٹ کے بقیہ میچز کھیلنے پر نظرثانی کرے گا،کھیل میں سیاست اور جانبداری کی کوئی گنجائش نہیں اور پاکستان کرکٹ بورڈ اس معاملے کو بھرپور انداز میں اجاگر کرے گا۔پی سی بی کے خط میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ آئی سی سی اور ایم سی سی فوری طور پر اس معاملے کا نوٹس لیں اور میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کو ایشیا کپ سے علیحدہ کریں۔ پاکستان نے باور کرایا ہے کہ یہ صرف ایک ٹیم کا مسئلہ نہیں بلکہ کھیل کی ساکھ اور شفافیت کا سوال ہے۔ بورڈ کے مطابق اگر اس طرح کے واقعات پر بروقت ایکشن نہ لیا گیا تو مستقبل میں کھیل کی غیر جانبداری پر سوالیہ نشان لگ سکتا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس پورے معاملے کو کھیل کی اصل روح کے تحفظ سے تعبیر کیا ہے اور واضح کیا ہے کہ پاکستان کسی صورت ایسی صورتحال کو قبول نہیں کرے گا جس میں نہ صرف اسپرٹ آف کرکٹ کو نقصان پہنچے بلکہ کھیل کے ذریعے سیاسی عزائم کو بھی فروغ دیا جائے۔
میچ ریفری کے خلاف بغاوت،پی سی بی نے ایشیا کپ کے بائیکاٹ کی دھمکی دے دی
4