مظفر آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)آزاد کشمیر میں بڑھتی کشیدگی کے پس منظر میں وفاقی حکومت کے اعلیٰ سطح وفد اور جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے درمیان رات گئے تک جاری رہنے والے مذاکرات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے،حکومتی وفد نے اعلان کیا ہے کہ کمیٹی کے تمام جائز مطالبات کو تسلیم کیا جائے گا جبکہ باہمی اتفاق رائے کے ساتھ باقی نکات پر مزید بات چیت جاری رکھی جائے گی۔
ایگزو نیوز کے مطابق مظفرآباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر تشکیل دی گئی کمیٹی آزاد کشمیر کے عوامی مسائل سننے اور ان کا حل تلاش کرنے کے لیے پہنچی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک دشمن عناصر پاکستان میں انتشار اور عدم استحکام چاہتے ہیں، اس لیے ضروری ہے کہ کوئی ایسا موقع فراہم نہ کیا جائے جس سے دشمن فائدہ اٹھا سکے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام کا ہر طرح سے تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے۔وفاقی وزیر امیر مقام نے مذاکرات کے بعد بتایا کہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے ساتھ خوشگوار ماحول میں بات چیت ہوئی اور بہت سے نکات پر اتفاق رائے پایا گیا ہے،کمیٹی نے مزید مشاورت کے بعد جواب دینے کا وقت مانگا ہے، تاہم حکومتی وفد خلوصِ نیت کے ساتھ مسائل کا پرامن حل چاہتا ہے۔پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما قمر زمان کائرہ نے بھی مذاکراتی عمل کو مثبت قرار دیتے ہوئے کہا کہ بیشتر جائز مطالبات مان لیے گئے ہیں اور امید ہے کہ باقی معاملات بھی بات چیت کے ذریعے حل ہو جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ جو حقوق مذاکرات سے مل سکتے ہیں، ان کے لیے ٹکراو کا راستہ اپنانے کی ضرورت نہیں۔اس موقع پر سینیٹر رانا ثناءاللہ نے واضح کیا کہ تشدد کسی مسئلے کا حل نہیں، بلکہ اس سے معاملات مزید الجھتے ہیں، آزاد کشمیر کے عوام ہمارے بھائی ہیں اور ان کے مسائل کو صرف بات چیت سے سلجھایا جائے گا۔مذاکرات میں شامل دیگر رہنماوں نے بھی اس بات پر زور دیا کہ عوامی ایکشن کمیٹی کے جائز مطالبات تسلیم کیے جائیں گے اور عملی اقدامات سے عوام کو فوری ریلیف دیا جائے گا۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے مذاکرات کی بحالی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ زیادہ تر مطالبات پر اتفاق ہو گیا ہے اور باقی نکات پر بھی بات چیت جاری ہے۔راجہ پرویز اشرف نے آزاد کشمیر کی موجودہ صورتحال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مسائل کا حل صرف افہام و تفہیم میں ہے اور حکومت اس ضمن میں ہر ممکن کوشش کرے گی۔مذاکراتی عمل کے بعد امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ آزاد کشمیر میں جاری کشیدگی کے خاتمے کی راہ ہموار ہوگی اور عوام کو درپیش مشکلات کے حل کے لیے وفاقی اور مقامی سطح پر جامع اقدامات کیے جائیں گے۔
وفاقی حکومت اور جوائنٹ ایکشن کمیٹی میں مذاکرات کی بحالی،بیشتر مطالبات پر اتفاق،قیام امن پر زور
8