لاہور میں سموگ کی شدت میں کمی آنے کے بعد مقامی انتظامیہ نے پابندیوں میں نرمی کر دی۔ ہوٹلز اور ریسٹورانٹس کے اوقات میں توسیع کر دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اب تمام ہوٹلز اور ریسٹورانٹس رات 10 بجے تک کھلے رہیں گے اور ڈائن ان اور ٹیک اوے کی سہولت بھی 10 بجے تک دستیاب ہو گی۔ بیکریز بھی رات 10 بجے تک کھلے رہیں گے۔
دوسری طرف، پنجاب کے تعلیمی ادارے آج سے دوبارہ کھل گئے ہیں، تاہم لاہور اور ملتان میں اسکولوں کی تعطیلات جاری رہیں گی۔ سموگ کی شدت میں کمی کے بعد لاہور دنیا کے سب سے زیادہ آلودہ شہروں کی فہرست میں تیسرے نمبر پر آ گیا ہے، جہاں وہ کئی دنوں تک پہلے نمبر پر رہا تھا۔
محکمہ ماحولیات پنجاب نے نئی ہدایات جاری کی ہیں جن کے مطابق کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو سموگ سے متعلق احکام پر عملدرآمد کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ کیونکہ حکام کی جانب سے مختلف اقدامات کے باوجود سموگ کا اثر عوام کی صحت پر پڑ رہا ہے۔