راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن بیک ٹو بیک وکٹیں گرنے کے باوجود مہمان ٹیم نے پاکستان کے خلاف 200 رنز بنا کر زبردست کم بیک کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بنگلا دیش نے 10-0 سے اپنی پہلی اننگز کا آغاز کیا تو خرم شہزاد نے اوپنرز شادمان اسلام کو 10، ذاکر حسن کو 1 ، کپتان نجم الحسن شانتو کو 4 اور شکیب الحسن کو 2 رنز پر آوٹ کرکے قومی ٹیم کی پوزیشن مضبوط کی۔ بعد میں میر حمزہ کے ہاتھوں مومن الحق اور مشفق الرحیم کی وکٹیں گرنے کے بعد مہمان ٹیم کی 26 رنز پر 6 وکٹیں گر گئیں تھیں۔
تاہم، لٹن داس اور مہدی حسن میراز کی بہترین بلے بازی کی بدولت بنگلادیش کی ٹیم 8 وکٹوں کے نقصان پر 200 رنز بنانے میں کامیاب ہوگئی۔ مہدی حسن میراز 78 رنز بنا کر آوٹ ہوئے جبکہ لٹن داس 88 کے سکور پر کھیل رہے ہیں۔ میراز شہزاد کا شکار ہوئے جنہوں نے اس کے بعد تسکین احمد (1) کو بھی آؤٹ کیا۔ 8 وکٹیں گرنے کے باوجود حسن محمود اور لٹن داس مہمان ٹیم کے سکور میں مسلسل اضافہ کر رہے ہیں۔
اس سے قبل پاکستان کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 274 رنز پر آل آوٹ ہوگئی تھی۔
بنگلہ دیش الیون میں شادمان اسلام، ذاکر حسن، نجم الحسن شانتو (کپتان)، مومن الاسلام، مشفق الرحیم، لٹن داس (وکٹ)، شکیب الحسن، مہدی حسن میراز، تسکین، حسن محمود، ناہید رانا شامل ہیں۔
بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ نے کہا پاکستان کو اس کے ہوم گراؤنڈ پر شکست دینا آسان نہیں تھا۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ میزبان ٹیم کے خلاف فتح کے بعد ٹائیگرز کا مورال بلند ہے۔