Home » افغانستان سے دہشتگردوں کو واپس لا کر بسانا فاش غلطی،قومی سلامتی اولین ترجیح،خارجیوں کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے،وزیر اعظم شہباز شریف کا دوٹوک فیصلہ

افغانستان سے دہشتگردوں کو واپس لا کر بسانا فاش غلطی،قومی سلامتی اولین ترجیح،خارجیوں کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے،وزیر اعظم شہباز شریف کا دوٹوک فیصلہ

by ahmedportugal
3 views
A+A-
Reset

اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک میں دہشتگردی کی ایک بڑی وجہ افغانستان سے دہشتگردوں کو واپس لا کر بسانا تھا، جو ایک فاش اور ناقابلِ تلافی غلطی ثابت ہوئی۔ انہوں نے واضح کیا کہ قومی سلامتی موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور داخلی و خارجی سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے جامع اور فیصلہ کن حکمت عملی اپنائی جا رہی ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق اسلام آباد میں قومی ورکشاپ میں شرکت کے موقع پر خیبرپختونخوا سے تعلق رکھنے والے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے داخلی سلامتی،دہشت گردی،قومی یکجہتی،علاقائی صورتحال اور ترقیاتی امور پر تفصیلی گفتگو کی۔انہوں نے خیبرپختونخوا کو ملک کا سٹریٹجک اور اہم صوبہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس صوبے نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بے مثال قربانیاں دی ہیں اور یہاں کے عوام غیور اور محب وطن ہیں،وفاق اور خیبر پختونخوا میں سرد جنگ کا تاثر درست نہیں،میں  نے سہیل آفریدی کو وزیرِ اعلیٰ بننے کے فوری بعد فون کرکے مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا لیکن انہوں نے مثبت جواب نہیں دیا،چترال میں دانش سکول کا سنگِ بنیاد رکھنے کے موقع پر میں نے انہیں پھر مل بیٹھ کر بات کرنے کی دعوت دی لیکن بدقسمتی سے جھوٹ اور پراپیگنڈے کی بنیاد پر نوجوانوں کے ذہنوں میں زہر گھولا گیا،خیبرپختونخوا سمیت چاروں صوبوں کے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کر رہے ہیں، اس کے لیے مختلف پروگرام شروع کیے گئے ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ خیبرپختونخوا نے گزشتہ چار دہائیوں کے دوران تقریباً 40 لاکھ افغان مہاجرین کی میزبانی کی، جو ایک بڑا انسانی اور قومی کردار تھا تاہم بھلائی کے جواب میں افغانستان کا رویہ تکلیف دہ رہا اور دشمنوں کے ساتھ مل کر پاکستان کے خلاف زہر اگلا جاتا رہا۔انہوں نے کہا کہ اے پی ایس پشاور کا سانحہ آج بھی پوری قوم کے دلوں میں تازہ ہے،جس کے بعد ریاست نے دوٹوک فیصلہ کیا کہ اچھے اور برے طالبان میں کوئی فرق نہیں ہو سکتا۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ سوات سے سینکڑوں دہشت گردوں کو کس نے رہا کیا اور وہ کون سے فیصلے تھے جن کے نتیجے میں دہشت گردی نے دوبارہ سر اٹھایا؟ افغانستان سے لوگوں کو لا کر بسانا ایک فاش غلطی تھی اور یہی اقدام دہشت گردی کے دوبارہ پھیلاو کی بڑی وجہ بنا۔وزیراعظم نے زور دیا کہ خیبرپختونخوا میں پائیدار امن کا قیام ناگزیر ہو چکا ہے اور خارجیوں کے مکمل خاتمے تک قوم چین سے نہیں بیٹھے گی۔انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ ایک اجتماعی قومی فیصلہ تھا اور اس میں تمام اداروں اور قوم کو متحد ہو کر آگے بڑھنا ہوگا۔ملکی ترقی پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ترقی اسی وقت ممکن ہے جب چاروں صوبے برابر کی رفتار سے آگے بڑھیں۔ انہوں نے بتایا کہ بلوچستان میں اہم شاہراہوں کی تعمیر کے لیے وفاقی حکومت فنڈز فراہم کر رہی ہے،صوبے کے زمینداروں کے لیے سولر پینلز کا منصوبہ مکمل کیا جا چکا ہے جبکہ بلوچستان کو پنجاب نے اپنے حصے سے 100 ارب روپے دیے اور مجموعی طور پر صوبے کی ترقی کے لیے 400 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔

وزیراعظم نے سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کے خاتمے کے لیے ان کی قربانیاں قابلِ فخر ہیں،گزشتہ سال جنگ کے دوران بھارت کے سات طیارے مار گرائے گئے اور دشمن کو ایسا سبق سکھایا گیا جو وہ تاقیامت یاد رکھے گا،آج سبز پاسپورٹ کو عزت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے اور پاکستان معاشی طور پر مضبوطی کی جانب بڑھ رہا ہے۔افغانستان سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ افغان حکومتوں نے پاکستان کی میزبانی کی قدر نہیں کی،جب سمجھانے پر افغان عبوری حکومت نہ مانی تو پاکستان کو جواب دینا پڑا کیونکہ وہ اپنی سرزمین پر دہشتگردی روکنے میں ناکام رہی۔ وزیراعظم نے واضح کیا کہ ٹی ٹی پی اور بی ایل اے کو بھارت کی حمایت حاصل ہے اور ریاست دہشتگردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہے۔آخر میں وزیراعظم نے کہا کہ اب یہ فیصلہ افغانستان کو کرنا ہوگا کہ وہ امن چاہتا ہے یا نہیں جبکہ حکومت عوامی فلاحی منصوبوں کے ذریعے ملک میں استحکام لانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز