Home » معروف گلوکار فراز خان کو شالیمار باغ میں ”نک دا کوکا“ گانا مہنگا پڑ گیا،سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج ،والڈ سٹی اتھارٹی کے تین اہلکار معطل

معروف گلوکار فراز خان کو شالیمار باغ میں ”نک دا کوکا“ گانا مہنگا پڑ گیا،سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج ،والڈ سٹی اتھارٹی کے تین اہلکار معطل

by ahmedportugal
43 views
A+A-
Reset

اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)لاہور کے تاریخی شالیمار باغ میں منعقدہ ایک ثقافتی تقریب اس وقت تنازع کا شکار ہو گئی جب معروف قوال و گلوکار فراز خان کی جانب سے گایا گیا گانا “نک دا کوکا” قانونی کارروائی کا سبب بن گیا۔ پولیس نے فراز خان کے خلاف تھانہ باغبانپورہ میں مقدمہ درج کر لیا جبکہ تقریب کے انعقاد میں مبینہ غفلت اور نااہلی پر والڈ سٹی اتھارٹی کے تین اہلکاروں کو معطل کر دیا گیا۔
ایگزو نیوز کے مطابق والڈ سٹی اتھارٹی کے زیر اہتمام شالیمار باغ میں منعقدہ اس تقریب میں سینکڑوں افراد شریک تھے۔ دورانِ محفل گلوکار فراز خان نے شائقین کے پر زور اصرار پرمشہور زمانہ گیت ”نک دا کوکا“ کی پرفارمنس دی جس پر شرکاءکا جوش وخروش دیدنی تھا جبکہ شائقین نے اس گیت کے دوران سابق وزیر اعظم عمران خان کے حق میں نعرے بازی بھی کی ۔دوسری جانب پولیس کے مطابق، والڈ سٹی اتھارٹی کے زیر اہتمام منعقدہ اس تقریب میں دورانِ محفل فراز خان نے مبینہ طور پر بغیر پیشگی اجازت ”نک دا کوکا“ گانے کی پرفارمنس دی، جس کے بول میں اڈیالہ جیل کے ایک قیدی، نمبر 804، کا حوالہ شامل تھا، پولیس کا موقف ہے کہ گانے کے یہ بول نہ صرف غیر مجاز تھے بلکہ ان میں ایسی ”تیزابیت“پائی گئی جس کے باعث حاضرین میں وقتی طور پر اشتعال پیدا ہوا اور صورتحال کو قابو میں لانے کے لیے فوری اقدامات کرنا پڑے ۔شالیمار باغ کے تھانہ انچارج کی مدعیت میں درج کی گئی ایف آئی آر میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ مذکورہ پرفارمنس تقریب کے طے شدہ ضابطہ اخلاق اور اجازت نامے کی خلاف ورزی تھی، جس کے نتیجے میں تقریب کے انتظامات متاثر ہوئے اور امن و امان کی صورتحال خراب ہونے کا خدشہ پیدا ہوا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اس واقعے کو محض ایک فنی یا تکنیکی غلطی نہیں بلکہ ایک سنجیدہ قانونی معاملہ تصور کیا جا رہا ہے، اسی بنیاد پر مقدمہ درج کیا گیا ہے۔دوسری جانب، والڈ سٹی اتھارٹی نے ابتدائی انکوائری کے بعد انتظامی غفلت اور نگرانی میں کوتاہی پر اپنے تین اہلکاروں کو معطل کرتے ہوئے کہا ہے کہ تقریب میں پیش کی جانے والی پرفارمنسز کے مواد کی جانچ اور اجازت کا عمل ان اہلکاروں کی ذمہ داری تھی، جس میں واضح طور پر ناکامی سامنے آئی۔دوسری طرف گلوکار فراز خان نے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے یہ گانا شرکاءکی پرزور فرمائش پر محض تفریحی مقصد کے تحت گایا تھا، گانے میں کسی قسم کی سیاسی، حکومتی مخالفت یا اشتعال انگیزی کا کوئی ارادہ شامل نہیں تھا تاہم انتظامیہ کا موقف ہے کہ گانے کو بعض حلقوں کی جانب سے اشتعال انگیز اور حکومت مخالف عناصر کے لیے اشارہ تصور کیا جا سکتا تھا، اسی لیے سخت ردعمل سامنے آیا۔یہ واقعہ لاہور میں منعقد ہونے والی ثقافتی تقریبات کے ضابطہ کار، فنکاروں کے اظہارِ خیال کی حدود اور اجازت کے طریقہ کار پر سنجیدہ سوالات کھڑے کر رہا ہے جبکہ اس معاملے نے ایک نئی بحث کو جنم دے دیا ہے کہ آیا ثقافتی پروگرامز میں فنکارانہ آزادی کو مزید محدود کیا جائے گا یا ایسے واقعات مستقبل میں پالیسی سازی کا باعث بنیں گے؟۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز