لاہور(ایگزو نیوز ڈیسک)سرپرست وفاق المدارس العربیہ پاکستان، مہتمم جامعہ اشرفیہ لاہور، عالمِ باعمل، نمونہ اسلاف اور ولی کامل حضرت مولانا حافظ فضل الرحیم اشرفی دارِ فناءسے دارِ بقاءکی طرف روانہ ہو گئے، ان کے وصال سے علم و عمل کا ایک روشن ستارہ غروب ہو گیا اور ملت اسلامیہ ایک عظیم علمی و روحانی رہنما سے محروم ہو گئی،مولانا فضل الرحمن،مولانا مفتی محمد تقی عثمانی،علامہ حافظ طاہر محمود اشرفی،مولانا قاری محمد حنیف جالندھری،علامہ ہشام الٰہی ظہیر،مولانا محد احمد لدھیانوی،مولانا اورنگزیب فاروقی،مولانا محمد معاویہ اعظم طارق،مولانا ڈاکٹر سعید احمد عنایت اللہ،علامہ زبیر احمد ظہیرسمیت دیگر کا اظہار تعزیت۔
ایگزو نیوز کے مطابق پاکستان کے ممتاز دینی ادارے جامعہ اشرفیہ کے مہتمم حضرت مولانا فضل الرحیم اشرفی کا شمار برصغیر کے ان جلیل القدر علماءمیں ہوتا تھا جنہوں نے اپنی پوری زندگی دین اسلام کی سربلندی، علومِ دینیہ کی ترویج اور ہزاروں طلبہ کی علمی و روحانی تربیت کے لیے وقف کر رکھی تھی۔ آپ جامعہ اشرفیہ لاہور کے مہتمم کی حیثیت سے نہ صرف ادارے کے اعلیٰ علمی معیار، مضبوط تعلیمی نظم و نسق اور مثالی تربیتی نظام کے ضامن رہے بلکہ مدارسِ دینیہ کے تحفظ اور دینی اقدار کے فروغ میں بھی صف اوّل کا کردار ادا کیا۔مرحوم حضرت مولانا مفتی محمد حسن امرتسری قدس سرہ کے آخری صاحبزادے تھے اور اپنے اکابر کی علمی و روحانی روایت کے امین سمجھے جاتے تھے۔ سخت علالت کے باوجود درسِ حدیث کا سلسلہ جاری رکھنا ان کی اخلاص، استقامت اور دین سے بے مثال وابستگی کا واضح ثبوت تھا۔ ان کی زندگی زہد و تقویٰ، حلم و بردباری اور طلبہ و اہلِ علم کی بے لوث خدمت کی روشن مثال تھی۔حضرت مولانا فضل الرحیم اشرفی کی رحلت نہ صرف ان کے خاندان، جامعہ اشرفیہ اور وفاق المدارس کے لیے بلکہ پوری ملت اسلامیہ کے لیے ایک ناقابلِ تلافی علمی و دینی نقصان ہے۔ ان کے فیض یافتہ شاگرد آج ملک و بیرونِ ملک دینی خدمات سرانجام دے رہے ہیں جو مرحوم کے صدقہ جاریہ کا روشن باب ہیں۔مرحوم مولانا فضل الرحیم اشرفی کی نمازِ جنازہ ان شاءاللہ العزیز آج بروز سوموار 5 جنوری بعد از نمازِ ظہر جامعہ اشرفیہ لاہور میں ادا کی جائے گی۔ تمام اہل اسلام، بالخصوص علماءکرام، طلبہ مدارس اور عقیدت مندوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اس عظیم دینی رہنما کی نمازِ جنازہ میں شرکت کر کے ان کی مغفرت اور درجات کی بلندی کے لیے دعا کریں۔
ممتاز عالم دین ،وفاق المدارس کے سرپرست اور جامعہ اشرفیہ لاہور کے مہتمم مولانا فضل الرحیم انتقال کر گئے
3