Home » ملکی استحکام کیلئے تمام مذاہب و مکاتبِ فکر کے علماء و مشائخ متحد،انتہا پسندی کے خاتمے اور ریاست کے ساتھ یکجہتی کا اعلان

ملکی استحکام کیلئے تمام مذاہب و مکاتبِ فکر کے علماء و مشائخ متحد،انتہا پسندی کے خاتمے اور ریاست کے ساتھ یکجہتی کا اعلان

by ahmedportugal
6 views
A+A-
Reset

اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)گوجرانوالہ میں منعقد ہونے والی ایک اہم علما و مشائخ کانفرنس میں ملک کے تمام مکاتبِ فکر کے علمائے کرام، مشائخ عظام اور غیر مسلم نمائندوں  نے  پاکستان کی سلامتی و استحکام،فرقہ وارانہ تشدد،انتہا پسندی اور متشدد رویوں کے خاتمے کے لیے مشترکہ جدوجہد کا اعلان کیا ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق  کانفرنس کی صدارت چیئرمین پاکستان علماء کونسل علامہ حافظ طاہر محمود اشرفی  نے کی،جس میں ملک بھر سے ایک ہزار سے زائد علماء و مشائخ  نے شرکت کی۔اجتماع میں شریک  تمام  مکاتبِ  فکر کے نمائندوں  نے متفقہ طور پر اعلان کیا کہ پاکستان میں بسنے والے تمام مذاہب اور مسالک کو ایک دوسرے کے حقوق کا احترام کرتے ہوئے اپنے، اپنے عقائد کے مطابق زندگی گزارنی چاہیے،کیونکہ قومی اتحاد ہی ملکی استحکام کی ضمانت ہے۔اجلاس میں آئمہ مساجد کے لیے پنجاب حکومت کی جانب سے اعلان کردہ 25 ہزار روپے ماہانہ وظیفے پر ہونے والی تنقید کو غیر ضروری قرار دیا گیا۔ علماء کا کہنا تھا کہ اگر کوئی امام یہ وظیفہ لینا چاہے تو یہ اس کا ذاتی فیصلہ ہے، جبکہ جو نہیں لینا چاہتا،اس پر کوئی دباو نہیں،محراب و منبر کے وارثوں کا ضمیر اتنا سستا نہیں کہ کوئی انہیں 25 ہزار میں خرید سکے۔علامہ حافظ طاہر محمود اشرفی نے واضح کیا کہ حکومت نہ تو کسی مسجد یا مدرسے کو بند کر رہی ہے اور نہ ہی اس کے لیے کوئی منصوبہ زیر غور ہے، مساجد و مدارس اسلام کے قلعے ہیں اور ان کے تحفظ کے لیے علماء کرام ہر محاذ پر اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔کانفرنس میں افغانستان کے حوالے سے ایک دوٹوک پیغام بھی دیا گیا۔

علامہ طاہر اشرفی نے  کہا  کہ افغان قیادت،علماء اور عوام اپنی سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال ہونے سے روکیں،پاکستان  نے ہمیشہ افغانستان کی مدد کی ہے، لاکھوں افغان مہاجرین کی میزبانی کی ہے لیکن اس کے بدلے دہشت گردی اور خودکش حملے قبول نہیں کیے جا سکتے،اگر افغانستان سے دہشت گردی کا سلسلہ نہ رکا تو پاکستان اپنی سرزمین کے دفاع کا حق رکھتا ہے اور افواجِ پاکستان ملک کے دفاع کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔کانفرنس کے شرکاء نے کہا کہ دشمن قوتیں پاکستان میں فرقہ واریت کو ہوا دے کر انتشار پھیلانے کے خواب دیکھ رہی ہیں لیکن علمائے کرام کے اتحاد سے یہ سازشیں ناکام ہوں گی۔ تمام مکاتب فکر نے اعلان کیا کہ ” پیغامِ پاکستان “ کے عملی نفاذ کے لیے ہر سطح پر اقدامات کیے جائیں گے تا کہ انتہا پسندی اور نفرت انگیز بیانیے کا خاتمہ کیا جا سکے۔اجلاس کے دوران علامہ طاہر محمود اشرفی نے مریدکے واقعے پر بھی افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ ایسے واقعات میں عوام اور پولیس دونوں کا نقصان ہوتا ہے،جو انتہائی افسوسناک ہے،قانون سب کے لیے برابر ہے اور کسی کو بھی آئین و قانون سے بالاتر نہیں سمجھنا چاہیے۔کانفرنس میں فلسطین کے معاملے پر پاکستان کے موقف کو واضح انداز میں دہراتے ہوئے علامہ طاہر محمود اشرفی نے کہا  کہ پاکستان ہمیشہ ایک آزاد و خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت کرتا رہا ہے جس کا دارالحکومت القدس شریف ہو،پاک فوج کے بارے میں پھیلایا جانے والا یہ پروپیگنڈا کہ اگر وہ غزہ گئی تو فلسطینیوں پر گولی چلائے گی،انتہائی شرمناک ہے،اگر پاک فوج غزہ گئی تو اپنے مظلوم فلسطینی بھائیوں کی مدد کے لیے جائے گی، ان پر گولی چلانے کے لیے نہیں۔

کانفرنس کے دوران پاک سعودی دفاعی معاہدے کو پاکستان کے لیے ایک بڑی کامیابی قرار دیا گیا۔حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ یہ معاہدہ موجودہ قیادت کی سفارتی کامیابی ہے اور پاکستان کو فخر حاصل ہے کہ 57 اسلامی ممالک میں سے وہ واحد ملک ہے جسے اللہ  نے ارضِ حرمین شریفین کا محافظ بنایا ہے،آلِ سعود خدام الحرمین الشریفین ہیں اور ہم جنود الحرمین الشریفین ہیں۔کانفرنس میں شامل مختلف مکاتبِ فکر کے نامور علما،جن میں مولانا خالد حسن مجددی،مولانا شہباز رسول،مولانا مصطفیٰ ججہ،مولانا اکبر نقشبندی،علامہ طاہر الحسن،مولانا اسلم صدیقی،مولانا قاضی عصمت اللہ،قاری عطااللہ، مفتی غلام مصطفیٰ سلطانی،علامہ شبیر احمد چشتی،علامہ فیصل ندیم گیلانی سمیت دیگر درجنوں شخصیات  نے خطاب کیا۔کانفرنس میں تین اہم نکات پر اتفاقِ رائے کیا گیا:اتحاد بین المسلمین کی فضا کو مزید مضبوط بنایا جائے گا اور فرقہ واریت کی کسی بھی کوشش کو اجتماعی طور پر ناکام کیا جائے گا۔مساجد و مدارس کے تحفظ کے لیے مقامی سطح پر علماء کمیٹیوں کو فعال کیا جائے گا۔افغانستان کے ساتھ مذاکرات میں علماء و مشائخ اپنا کردار ادا کریں گے تا کہ سرحد پار دہشت گردی کے مسئلے کا پرامن حل نکل سکے۔آخر میں کانفرنس کے شرکاء نے افواجِ پاکستان کے سپہ سالار فیلڈ مارشل جنرل حافظ سید عاصم منیر اور ریاستی اداروں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی سلامتی،استحکام اور دفاع کے لیے پوری قوم ایک پیج پر ہے اور کوئی بیرونی یا اندرونی قوت ہمارے اتحاد کو متزلزل نہیں کر سکتی۔کانفرنس سے کمشنر گوجرانولہ سید نوید حیدر شیرازی نے بھی خطاب کیا۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز