Home » بلوچستان میں پائیدار امن کیلئے مذہبی اتفاقِ رائے ناگزیر،اسرائیل،امریکہ حملے کی مذمت،ایران کو خلیجی عوام کو نشانہ نہ بنانے کا مشورہ

بلوچستان میں پائیدار امن کیلئے مذہبی اتفاقِ رائے ناگزیر،اسرائیل،امریکہ حملے کی مذمت،ایران کو خلیجی عوام کو نشانہ نہ بنانے کا مشورہ

by ahmedportugal
5 views
A+A-
Reset

کوئٹہ(ایگزو نیوز ڈیسک)قومی پیغام امن کمیٹی پاکستان نے ایران پر اسرائیل اور امریکا کے مشترکہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے زور دیا ہے کہ جوابی کارروائیوں کے نام پر قومی اثاثوں اور شہری تنصیبات کو نقصان پہنچانا کسی صورت درست نہیں۔ کمیٹی نے ایران سے مطالبہ کیا کہ وہ خلیجی ممالک کی عوام کو نشانہ بنانے سے گریز کرے اور تمام تنازعات کو سفارتی ذرائع سے حل کیا جائے۔
ایگزو نیوز کے مطابق کوئٹہ میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کمیٹی کے رہنماوں،جن میں وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے مشرقِ وسطیٰ علامہ حافظ طاہر محمود اشرفی، مفتی عبدالرحیم، علامہ سید ضیاءاللہ شاہ بخاری، مفتی کریم خان، مفتی محمد یوسف پسروری، مولانا زاہد منصور اور ڈاکٹر آصف میر سمیت مختلف مکاتبِ فکر کے علماء اور اقلیتی نمائندگان شامل تھے نے بلوچستان میں پائیدار امن اور استحکام کی ضرورت پر زور دیا۔شرکاء نے کہا کہ بلوچستان میں دیرپا امن معتبر مذہبی اتفاقِ رائے،موثر حکمرانی اور پر تشدد انتہا پسندی کے جامع خاتمے سے ہی ممکن ہے،سیکیورٹی کامیابیوں کو مستقل بنانے کے لیے عوامی اعتماد کی بحالی، ہم آہنگ قومی بیانیہ اور انتہاپسندانہ بھرتیوں کے سدباب کو یقینی بنانا ناگزیر ہے۔

علامہ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ ”پیغامِ پاکستان“ایک متفقہ قومی بیانیہ ہے جو جید علمائے کرام،مذہبی سکالرز اور ریاستی اداروں کے اتفاقِ رائے سے تشکیل پایا،یہ بیانیہ ہر قسم کی شدت پسندی،نفرت،تشدد اور بغاوت کو مسترد کرتے ہوئے امن،برداشت،ہم آہنگی اور قانون کی بالادستی کو فروغ دیتا ہے،پاکستان کی محب وطن ہندو، مسیحی،سکھ اور دیگر اقلیتی برادریاں اور تمام مسالک کے جید علما و مشائخ افغانستان کی جانب سے ہونے والی مبینہ بلا اشتعال کارروائیوں کی مذمت کرتے ہیں اور مادرِ وطن کے دفاع میں بروقت جوابی اقدامات پر پاک افواج کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں،ملک بھر کے علما ء مشائخ اور اقلیتی برادریاں قومی سلامتی اور استحکام کے لیے ریاستی اداروں کے ساتھ کھڑی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ ملکی صورتحال کے پیشِ نظر ہندو برادری نے مذہبی تہوار ہولی کی تقریبات منسوخ کر کے قومی یکجہتی اور بھائی چارے کی مثال قائم کی ہے جبکہ مندروں میں شہداء اور پاک افواج کے لیے خصوصی دعاوں کا اہتمام بھی کیا گیا۔کمیٹی کے رہنماوں نے سعودی عرب کی قیادت کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب نے ایران کے خلاف اپنی سرزمین استعمال نہ ہونے دینے کا واضح موقف اپنایا اور بے بنیاد پراپیگنڈا مسلم امہ کے اتحاد کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہے،مسلم دنیا کو درپیش چیلنجز کا حل باہمی احترام،مذاکرات اور اتحاد میں ہے،نہ کہ تصادم اور الزام تراشی میں۔پریس کانفرنس کے اختتام پر شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ریاست پاکستان،اس کے آئینی ڈھانچے اور قومی سلامتی کے فیصلوں کے ساتھ مکمل یکجہتی برقرار رکھی جائے گی اور ملک میں بین المذاہب ہم آہنگی،امن اور استحکام کے فروغ کے لیے مشترکہ کاوشیں جاری رکھی جائیں گی۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز