Home » خطے کی کشیدگی سے تیل بحران کا خدشہ،حکومت کا ہنگامی الرٹ،سٹاک اور قیمتوں کی روزانہ نگرانی شروع

خطے کی کشیدگی سے تیل بحران کا خدشہ،حکومت کا ہنگامی الرٹ،سٹاک اور قیمتوں کی روزانہ نگرانی شروع

by ahmedportugal
7 views
A+A-
Reset

اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل اور گیس کی قیمتوں میں اضافے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے، جس کے پیش نظر حکومتِ پاکستان نے پیٹرولیم مصنوعات کی نگرانی سخت کرتے ہوئے روزانہ کی بنیاد پر ذخائر اور قیمتوں کا جائزہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ حکام نے عوام کو یقین دہانی کرائی ہے کہ ملک میں توانائی سپلائی محفوظ اور مستحکم ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر قائم پیٹرولیم قیمتوں کی نگرانی کمیٹی کا پہلا اجلاس وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں توانائی مارکیٹ کی صورتحال، عالمی رجحانات اور ملکی ذخائر کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزارت خزانہ کے مطابق کمیٹی نے اپنے دائرہ اختیار اور ذمہ داریوں پر غور کرتے ہوئے فیصلہ کیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کے اسٹاک اور قیمتوں کی ریئل ٹائم مانیٹرنگ کی جائے گی۔حکام نے بریفنگ میں بتایا کہ موجودہ حالات کے باوجود پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کے وافر ذخائر موجود ہیں اور سپلائی چین مکمل طور پر فعال ہے۔ تاہم آبنائے ہرمز اور بابِ المندب کی صورتحال کو عالمی توانائی رسد کے لیے ممکنہ خطرہ قرار دیا گیا، کیونکہ ان سمندری راستوں سے عالمی تیل و گیس کی بڑی مقدار گزرتی ہے۔اجلاس میں ایل این جی اور ایل پی جی کی درآمدات، جاری شپمنٹس اور ٹرمینل آپریشنز کا بھی جائزہ لیا گیا۔ وزیر خزانہ نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ بین الادارہ جاتی ہم آہنگی کو مزید موثر بنایا جائے اور ذخائر کی درست تصدیق یقینی بنائی جائے تاکہ کسی بھی ممکنہ تعطل کی صورت میں بروقت ردعمل دیا جا سکے۔حکام نے خبردار کیا کہ اگر خطے میں کشیدگی طویل ہوئی تو عالمی قیمتوں میں مزید اضافہ ممکن ہے، جس کے اثرات درآمدی بل اور مقامی مارکیٹ پر پڑ سکتے ہیں۔ تاہم حکومت نے واضح کیا ہے کہ قیمتوں کے تعین کا عمل شفاف اور منظم طریقے سے جاری رکھا جائے گا اور عوام کو بلاجواز افواہوں سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔دوسری جانب مشرق وسطیٰ میں صورتحال کے باعث عالمی مارکیٹ میں گیس کی قیمتوں میں بھی نمایاں اضافہ رپورٹ ہوا ہے۔ ذرائع کے مطابق قطر انرجی کی جانب سے گیس کی فراہمی معطل ہونے کے بعد یورپی منڈیوں میں قیمتوں میں تقریباً 50 فیصد تک اضافہ دیکھنے میں آیا، جس سے توانائی کے عالمی بحران کے خدشات مزید گہرے ہو گئے ہیں۔حکومت نے یقین دہانی کرائی ہے کہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور قومی توانائی سلامتی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ اقتصادی ماہرین کے مطابق عالمی مارکیٹ میں اتار چڑھاو کے تناظر میں بروقت پالیسی اقدامات اور موثر نگرانی ہی ممکنہ اثرات کو محدود رکھنے میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز