Home » خطے کی کشیدگی،معیشت پر ممکنہ وار کا خدشہ،وزیر اعظم شہباز شریف نے ہنگامی حکمت عملی تیار کرنے کا حکم دے دیا

خطے کی کشیدگی،معیشت پر ممکنہ وار کا خدشہ،وزیر اعظم شہباز شریف نے ہنگامی حکمت عملی تیار کرنے کا حکم دے دیا

by ahmedportugal
15 views
A+A-
Reset

اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح اجلاس میں خطے میں جاری کشیدگی کے ملکی معیشت پر ممکنہ اثرات، توانائی کی صورتحال، پٹرولیم مصنوعات کی دستیابی اور حکومتی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا،جس میں وزیراعظم نے متعلقہ اداروں کو کسی بھی ممکنہ چیلنج سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار رہنے اور بروقت فیصلوں کے لیے جامع حکمت عملی مرتب رکھنے کی ہدایت کر دی۔
ایگزو نیوز کے مطابق اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس میں وفاقی وزراء،گورنر سٹیٹ بینک،اعلیٰ سرکاری حکام اور متعلقہ اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی،جہاں خطے کی بدلتی صورتحال کے تناظر میں ملکی معیشت کے استحکام، ممکنہ خطرات اور ان سے نمٹنے کے اقدامات پر تفصیلی غور کیا گیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ خطے کی صورتحال میں اب بھی غیر یقینی برقرار ہے، اس لیے حکومت کو ہر ممکن صورتحال کے لیے پیشگی تیاری رکھنا ہوگی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ایسے حالات میں فوری اور موثر فیصلوں کے لیے قابلِ عمل لائحہ عمل تیار رکھا جائے تاکہ ملکی معیشت پر کسی بھی منفی اثر کو کم سے کم کیا جا سکے۔وزیراعظم نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے پاکستان کی معیشت اس وقت استحکام کی جانب گامزن ہے تاہم خطے میں کشیدگی میں اضافے کے باعث عالمی سطح پر پیدا ہونے والی صورتحال کے اثرات کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا،اس لیے تمام متعلقہ اداروں کو مسلسل متحرک رہنا ہو گا۔

اجلاس میں حکومت کی جانب سے جاری کفایت شعاری اور سادگی اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی۔وزیراعظم نے اس مہم میں عوامی تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ قوم نے مشکل حالات میں ذمہ داری کا مظاہرہ کیا،جس پر حکومت ان کی قدر کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ قومی وسائل کے موثر استعمال کے لیے کفایت شعاری کے اقدامات کو مزید فروغ دینا ضروری ہے۔وزیراعظم نے پٹرولیم مصنوعات اور توانائی کی بچت کے لیے شروع کی گئی قومی مہم میں عوام کے تعاون کو بھی قابلِ تحسین قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومتی حکمت عملی اور بروقت اقدامات کے باعث ایندھن کی فراہمی کے نظام کو موثر انداز میں برقرار رکھا گیا جبکہ عام شہریوں،موٹر سائیکل سواروں،رکشہ ڈرائیوروں اور ٹرانسپورٹرز کے مفادات کے تحفظ کے لیے خصوصی اقدامات کیے گئے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے دی جانے والی سبسڈی کے ذریعے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں عالمی اتار چڑھاو کے اثرات کو محدود رکھنے کی کوشش کی گئی تاکہ عام آدمی پر اضافی بوجھ کم کیا جا سکے۔وزیر اعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ پٹرولیم مصنوعات کی مصنوعی قلت پیدا کرنے،ذخیرہ اندوزی یا عوامی مشکلات میں اضافہ کرنے والے عناصر کے خلاف صوبائی حکومتوں کے تعاون سے سخت اور بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔

اجلاس میں حکام کی جانب سے بتایا گیا کہ ملک کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے پٹرولیم مصنوعات کے مناسب ذخائر موجود ہیں جبکہ مستقبل میں مسلسل فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے بھی اقدامات مکمل کیے جا چکے ہیں۔حکام نے وزیراعظم کو آگاہ کیا کہ سپلائی چین کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے اور کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے تمام انتظامات مکمل ہیں۔اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ عالمی اور علاقائی حالات کے باوجود ملکی معاشی سرگرمیوں کو معمول پر رکھنے،توانائی کی فراہمی برقرار رکھنے اور عوامی مفادات کے تحفظ کے لیے تمام ادارے باہمی رابطے اور تعاون کے ساتھ کام جاری رکھیں گے۔اجلاس میں وفاقی وزراء احد خان چیمہ،محمد اورنگزیب،علی پرویز ملک،اویس خان لغاری،وزیر مملکت بلال اظہر کیانی،معاون خصوصی طارق باجوہ،گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز