اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں باضابطہ ریفرنس دائر کر دیا گیا ہے جس نے عدلیہ کے اندر ایک نئی بحث اور ہلچل کو جنم دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ ریفرنس مختلف شکایات اور سنگین الزامات کی بنیاد پر تیار کیا گیا ہے جن پر اب سپریم جوڈیشل کونسل سماعت کرے گی۔
ایگزو نیوز کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے اندرونی بحران نے نیا موڑ لے لیا ہے۔ جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنس دائر ہونے کے بعد صورتحال مزید پیچیدہ ہوگئی ہے۔ یاد رہے کہ اعجاز اسحاق سمیت پانچ ججز اپنے ہی چیف جسٹس سرفراز ڈوگر کے خلاف پہلے ہی سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹا چکے ہیں۔ ماہرین کے مطابق یہ پیش رفت عدلیہ کے اندر بڑھتی ہوئی تقسیم اور باہمی لڑائی کو ایک خطرناک رخ دے سکتی ہے، جس کے اثرات ادارہ جاتی وقار اور عدالتی خودمختاری پر براہِ راست پڑنے کا خدشہ ہے۔جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان کے خلاف ریفرنس دائر ہونے کے بعد قانونی ماہرین اور وکلاءبرادری میں مختلف آراءسامنے آ رہی ہیں۔ بعض حلقے اسے عدلیہ کی صفائی اور احتساب کے عمل کا حصہ قرار دے رہے ہیں، جبکہ کچھ وکلاءاور مبصرین اس پیش رفت کو عدلیہ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور اندرونی اختلافات کی کڑی سمجھتے ہیں۔ذرائع کے مطابق ریفرنس میں جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان پر بعض متنازعہ فیصلوں اور ان کے طرزِ عمل کے حوالے سے سوالات اٹھائے گئے ہیں تاہم سپریم جوڈیشل کونسل میں کارروائی کے دوران اصل حقائق سامنے آئیں گے۔ عدالتی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس ریفرنس پر آئندہ دنوں میں سماعت متوقع ہے اور کونسل اپنے آئینی دائرہ کار کے تحت فیصلہ کرے گی۔یاد رہے کہ حالیہ ہفتوں میں اسلام آباد ہائیکورٹ میں کئی تنازعات اور عدالتی بحران دیکھنے میں آئے ہیں، جن میں ججز اور چیف جسٹس کے درمیان اختلافات اور مختلف اقدامات کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کے معاملات شامل ہیں۔ اب جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان کے خلاف ریفرنس دائر ہونے سے یہ تنازع مزید سنگین نوعیت اختیار کر گیا ہے۔قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ معاملہ نہ صرف ایک جج کی ذات بلکہ عدلیہ کے ادارہ جاتی وقار اور آزادی کے حوالے سے بھی اہمیت کا حامل ہے۔ تمام نظریں اب سپریم جوڈیشل کونسل کی کارروائی اور ممکنہ فیصلے پر مرکوز ہیں جو آنے والے دنوں میں عدلیہ کے مستقبل پر گہرے اثرات مرتب کر سکتا ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس سردار اعجاز اسحاق کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنس دائر
20