راولپنڈی(ایگزو نیوز ڈیسک)توشہ خانہ ٹو میں سابق وزیر اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشری بی بی کو دی جانے والی سزا کے خلاف پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے ممکنہ احتجاج اور جماعت اسلامی کے لیاقت باغ میں ہونے والے اجتماع کے پیش نظر راولپنڈی میں پولیس کی جانب سے سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے جا رہے ہیں جبکہ شہر اور گرد و نواح کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے،امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے راولپنڈی شہر،کینٹ اور مضافاتی علاقوں میں مجموعی طور پر 32 مقامات پر پولیس پکٹس قائم کر دی گئی ہیں۔
ایگزو نیوز کے مطابق شہر میں تحریک انصاف کے ممکنہ احتجاج اور جماعت اسلامی کے لیاقت باغ میں ہونے والے اجتماع کے پیش نظر انتظامیہ کی جانب سے راولپنڈی میں ہائی الرٹ کرتے ہوئے شہر بھر میں سخت سیکیورٹی انتظامات کر دیئے ہیں۔راولپنڈی شہر،کینٹ اور مضافاتی علاقوں میں مجموعی طور پر 32 مقامات پر پولیس پکٹس قائم کی گئی ہیں،ہر پولیس پکٹ پر اپر سب آرڈینیٹ کی سربراہی میں نفری تعینات کی گئی ہے جبکہ اہلکاروں کو ربڑ بلٹس،آنسو گیس گنز اور شیلز سمیت مکمل اینٹی رائٹس کٹس فراہم کی گئی ہیں تا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے موثر انداز میں نمٹا جا سکے۔پولیس پکٹس لیاقت باغ،فوارہ چوک، منڈی موڑ،کیرج فیکٹری ،کمیٹی چوک،چاندنی چوک،فیض آباد کے دونوں اطراف،صادق آباد،میٹرو سٹیشن صدر،22 نمبر چونگی،چوہڑ چوک اور ایم ایچ چوک سمیت دیگر حساس مقامات پر قائم کی گئی ہیں۔
سینٹرل جیل اڈیالہ کے داخلی راستوں اور گیٹس پر بھی خصوصی پولیس پکٹس تعینات کر دی گئی ہیں جبکہ چک بیلی موڑ، ٹھلیاں انٹرچینج، چکری انٹرچینج اور جوڑیاں کے مقامات پر بھی سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔پولیس فورس کو موجودہ سیکیورٹی صورتحال اور ممکنہ خطرات سے مسلسل آگاہ رکھنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ کمانڈ اینڈ کنٹرول کی ذمہ داری سی پی او راولپنڈی خالد ہمدانی کے پاس ہے، جبکہ مجموعی نگرانی اور سپرویڑن ایس ایس پی آپریشنز ملک طارق محبوب سرانجام دے رہے ہیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور امن و امان کے قیام کے لیے تمام ضروری اقدامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔