نیوزی لینڈ کے اوپنر راچن رویندرا نے جنوبی افریقا کیخلاف چیمپئنز ٹرافی کے سیمی فائنل میں شاندار سنچری اسکور کرکے اہم اعزاز اپنے نام کر لیا۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے دوسرے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے 6 وکٹوں کے نقصان پر 362 رنز بنائے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے راچن رویندرا اور کین ولیمسن نے سنچریاں سکور کیں۔
سیمی فائنل میں سنچری کرکے راچن رویندرا نے منفرد ریکارڈ بھی قائم کر دیا۔ وہ اپنے کیرئیر کی پہلی پانچ ون ڈے سنچریاں آئی سی سی ایونٹس میں بنانے والے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں۔
راچن نے 32 ون ڈے میچز میں 1196 رنز اسکور کیے ہیں جس میں 5 سنچریاں شامل ہیں اور یہ تمام سنچریاں انہوں نے آئی سی سی ون ڈے ٹورنامنٹس میں بنائی ہیں۔
2023 کے ون ڈے ورلڈ کپ میں اپنے ڈیبیو ٹورنامنٹ کے دوران نیوزی لینڈ کے بلے باز نے 3 سنچریاں بنائی تھیں جبکہ انہوں نے رواں چیمپئنز ٹرافی میں 2 سنچریاں اسکور کیں ہیں ایک بنگلہ دیش اور دوسری افریقہ کے خلاف۔
کیویز بلے باز آئی سی سی ون ڈے ایونٹس میں تیز ترین پانچ سنچریاں بنانے والے کھلاڑی بھی بن گئے ہیں۔ انہوں نے یہ کارنامہ صرف 13 اننگز میں انجام دیا ہے۔