اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)وزیراعظم کے مشیر اور سینیٹر رانا ثناء اللہ نے ایک بار پھر پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کی حکمت عملی پر سخت موقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان مذاکرات کے بجائے سڑکوں کی سیاست پر یقین رکھتے ہیں،پی ٹی آئی سٹریٹ موومنٹ کی بھرپور کوشش کر رہی ہے تاہم حکومت واضح کر چکی ہے کہ سہیل آفریدی سمیت کسی کو بھی اسلام آباد پہنچنے کی اجازت نہیں دی جائے گی کیونکہ سیاست احتجاج سے نہیں بلکہ مذاکرات کی میز پر ہوتی ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر سینیٹر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی مذاکرات میں سنجیدہ نہیں بلکہ سٹریٹ موومنٹ میں دلچسپی رکھتے ہیں، اسی لیے وہ کبھی بھی سیاسی مفاہمت کے عمل کا حصہ نہیں بنے،نی پی ٹی آئی نہ صرف حکومت بلکہ دیگر سیاسی رہنماوں سے ہاتھ ملانے تک کو تیار نہیں تھے۔رانا ثناءاللہ نے کہا کہ پلوامہ واقعے کے بعد بننے والی پارلیمانی کمیٹی میں تمام جماعتوں کے رہنما شریک تھے مگر بانی پی ٹی آئی نے اس اجلاس میں آنا بھی گوارا نہیں کیا، جو لوگ آج مذاکرات کی بات کر رہے ہیں، ماضی میں خود کسی قسم کی مشاورت یا مکالمے پر آمادہ نہیں تھے۔رانا ثناءاللہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے خواہشمند افراد کو بھی اجازت نہیں ملے گی کیونکہ وہ خود اس عمل کے حامی نہیں۔ اپوزیشن لیڈرز کی ملاقاتوں سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے سپیکر قومی اسمبلی سے بات ہوئی تھی، جنہوں نے بتایا کہ معاملہ عدالت میں زیرِ سماعت تھا، اور جیسے ہی فیصلے کی کاپی موصول ہوگی، اس پر فیصلہ کر لیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی سب کچھ کرنا چاہتی ہے لیکن اس میں صلاحیت کی شدید کمی ہے، اگر تحریک انصاف نے محدود پیمانے پر بھی اپنی صلاحیت استعمال کرنے کی کوشش کی تو حکومت سختی سے نمٹے گی، پی ٹی آئی سٹریٹ موومنٹ کی بھرپور کوشش کر رہی ہے تاہم سہیل آفریدی کو اسلام آباد تک پہنچنے نہیں دیا جائے گا۔رانا ثناءاللہ کا کہنا تھا کہ ممکن ہے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے لیے پشاور سے نکلنا بھی مشکل ہو جائے، کیونکہ حکومت اور ریاستی ادارے غافل نہیں بیٹھے ، حکومت نے مکمل ہوم ورک کر رکھا ہے اور پی ٹی آئی کے ہر اقدام کا جواب اسی تناسب سے دیا جائے گا۔انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ سیاست کا اصل میدان مذاکرات کی میز ہے، سڑکوں پر احتجاج سیاست نہیں بلکہ انتشار کو جنم دیتا ہے اور حکومت کسی بھی قسم کی بدنظمی یا قانون شکنی کی اجازت نہیں دے گی۔
بانی پی ٹی آئی مذاکرات نہیں،سڑکوں کی سیاست چاہتے ہیں،سٹریٹ موومنٹ کی بھرپور کوشش لیکن سہیل آفریدی کو اسلام آباد پہنچنے نہیں دیں گے،رانا ثنا اللہ
1