فیصل آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)مشیر وزیر اعظم اور مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما سینیٹر رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ اگر آج کسی جماعت کے سربراہ کو سزا مل رہی ہے تو اس پر ڈھنڈورا پیٹنے کے بجائے اسے مکافاتِ عمل کے طور پر قبول کیا جانا چاہیے، نفرت اور انتقام کی سیاست کے نتائج بالآخر سامنے آتے ہیں اور آج جو ہو رہا ہے وہ اسی کا تسلسل ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق پنجاب کے ضلع فیصل آباد کے علاقے 30 چک میں ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ آج علاقے میں سوئی گیس کی فراہمی کے منصوبے کا افتتاح کیا گیا ہے اور جن شہریوں نے ووٹ نہیں دیا،وہ بھی بلا جھجھک درخواستیں جمع کروائیں،ان کے ساتھ کسی قسم کی انتقامی کارروائی نہیں کی جائے گی،حکومت کا وژن وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ملک کی تعمیر و ترقی ہے،نہ کہ سیاسی انتقام۔رانا ثنااللہ نے کہا کہ ان کے پورے حلقے میں کوئی بستی یا گاوں ایسا نہیں رہے گا جہاں سوئی گیس دستیاب نہ ہو،ضلع میں 29 کلومیٹر طویل سڑک کی منظوری دی گئی ہے جس پر تقریباً ایک ارب روپے لاگت آئے گی اور سڑک کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ٹھیکیداروں سے معیاری کام ہر صورت یقینی بنایا جائے۔مشیر وزیراعظم نے بتایا کہ بنیادی صحت مراکز(بی ایچ یوز)اور رورل ہیلتھ سینٹرز(آر ایچ سیز)کے کنٹریکٹس مکمل ہو چکے ہیں اور آئندہ چھ ماہ کے دوران ان منصوبوں کا افتتاح بھی کیا جائے گا،پورے حلقے میں ایک ہی ہسپتال موجود ہے جس کی اپ گریڈیشن کی جا رہی جبکہ سدھار بائی پاس کے قریب دس ایکڑ اراضی تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے لیے محکمہ صحت کے نام الاٹ کروا دی گئی ہے،حکومت عوام کی فلاح و بہبود کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہے اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے گا،شہری علاقوں کے ساتھ ساتھ دیہی علاقوں کی ترقی بھی حکومت کی ترجیح ہے اور دیہات میں صفائی کے نظام کو بہتر بنانے پر بھی کام ہو رہا ہے۔
امن و امان کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ پنجاب میں سیکیورٹی کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے اور جرائم پیشہ عناصر کے لیے ریاست میں کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی، حکومت کسی قسم کی رعایت دینے کے موڈ میں نہیں اور قانون کی عملداری ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔رانا ثنااللہ نے کہا کہ اگر وہ قومی اسمبلی میں نہ پہنچ سکے تو اللہ تعالیٰ نے انہیں اس سے بڑی ذمہ داری یعنی سینیٹ میں پہنچا دیا، شہر والے حلقے سے انہیں چھٹی بار انتخابی کامیابی حاصل ہوئی ہے اور میاں نواز شریف نے سیاست میں خدمت کے کلچر کو فروغ دیا،جو اس سے پہلے دیکھنے میں نہیں آتا تھا۔انہوں نے مریم نواز کے منصوبوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان اقدامات سے صوبے میں امن و امان کی صورتحال مزید بہتر ہوئی ہے اور موجودہ حکومت کے دور میں ذاتی عناد کی بنیاد پر کسی شہری کے ساتھ زیادتی کی کوئی مثال نہیں دی جا سکتی۔منشیات کے مسئلے پر بات کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے اپنے ماضی کا حوالہ دیا اور کہا کہ ان کے خلاف ایسا مقدمہ بنایا گیا جس میں سزائے موت تک کا امکان تھا اور وہ چھ ماہ جیل میں رہے،آج اگر کسی کو سزا مل رہی ہے تو اسے قبول کرنا چاہیے کیونکہ نفرت کے بیج بو کر آخرکار انہی کے نتائج سامنے آتے ہیں،آئس جیسے نشے جرائم کو جنم دیتے ہیں اور ایسے عناصر کے خلاف سخت کارروائی ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کے لیے تعلیمی وظائف اور آسان قرضوں کی سہولتیں فراہم کر رہی ہے جن کے لیے آن لائن درخواست دی جا سکتی ہے۔ انہوں نے سابق حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ چار سالہ دور میں ایک بھی ترقیاتی منصوبہ شروع نہیں کیا گیا بلکہ سوشل میڈیا پر گالی گلوچ کو فروغ دیا گیا۔