اسلام آباد(بیورو رپورٹ)وفاقی دارالحکومت کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)کے 26 نومبر احتجاج کے مقدمات کا ٹرائل مکمل ہونے پر دونوں کیسز کا فیصلہ محفوظ کر لیا۔
’ایگزو نیوز‘کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت میں جوڈیشل مجسٹریٹ احمد شہزاد گوندل نے تحریک انصاف کے 26 نومبر کے احتجاج کے دو مقدمات کی سماعت کی اور ٹرائل مکمل ہونے پر دونوں کیسز کا فیصلہ محفوظ کر لیا جو کہ رواں ماہ 23 جولائی کو سنایا جائے گا،پی ٹی آئی احتجاج پر دو مقدمات درج کیے گئے تھے،کیسز میں 22 جنوری اور 3 مارچ 2025 کو ملزمان پر فرد جرم عائد کی گئی تھی۔تحریک انصاف کی جانب سے الیاس صدیقی نے گواہان پر جرح کی،سپیشل پبلک پراسیکیوٹر محمد عثمان رانا سرکار کی جانب سے بطور کونسل پیش ہوئے،پی ٹی آئی وکلاء کی عدم دستیابی پر 2 دفعہ ٹرائل کورٹ نے سٹیٹ کونسل مقرر کیے، بعد ازاں اپیل میں 2 دفعہ سٹیٹ کونسل کے تقرر کا فیصلہ کالعدم قرار دیا گیا۔مقدمات تھانہ رمنا میں درج ہیں،دونوں مقدمات میں مجموعی طور پر 80 سے زائد ملزمان ہیں اور ان مقدمات میں 70 سے زائد ملزمان اشتہاری قرار دیئے جا چکے ہیں۔دونوں مقدمات میں مجموعی طور پر 8 ملزمان کی حد تک ٹرائل مکمل ہو گیا اور عدالت کی جانب سے 8 ملزمان کی حد تک کیس کا فیصلہ سنایا جائے گا۔
پی ٹی آئی 26 نومبر احتجاج کے 2 مقدمات کا ٹرائل مکمل،فیصلے بارے عدالت سے اہم خبر آ گئی
15