آئی پی ایل میں راجستھان رائلز کے 14 سالہ بلے باز ویبھو سوریاونشی سنچری بنانے والے سب سے کم عمر بلے باز بن گئے۔
بائیں ہاتھ کے بلے باز نے پیر کو جے پور میں اپنے آئی پی ایل 2025 کے میچ میں گجرات ٹائٹنز کے خلاف 35 گیندوں پر سنچری بنائی۔ ویبھو سوریاونشی نے 11ویں اوور میں راشد خان کو چھکا لگا کر اپنی سنچری مکمل کی، جو ٹورنامنٹ کی تاریخ کی دوسری تیز ترین سنچری ہے۔
آئی پی ایل کی تیز ترین سنچری کا ریکارڈ رائل چیلنجرز بنگلور کے کرس گیل کے پاس ہے جنہوں نے 2013 کے ایڈیشن میں 30 گیندوں پر سنچری بنائی تھی۔
210 رنز کے مشکل ہدف کیلئے 14 سالہ بلے باز نے یشسوی جیسوال کے ساتھ اننگز کا آغاز کیا تو ویبھو سوریاونشی نے دوسری گیند پر چھکا لگایا اور بعد میں ایشانت شرما کے اوور میں 28 رنز سکور کیے۔ بائیں ہاتھ کے بلے باز نے جاری آئی پی ایل 2025 کی تیز ترین ففٹی صرف 17 گیندوں پر بنائی۔
اننگز کے 10ویں اوور میں سوریاونشی نے کریم جنت کو ایک ہی اوور میں تین چوکے اور تین چھکے لگائے۔ اس کے بعد وہ 38 گیندوں پر سات چوکوں اور 11 چھکوں کی مدد سے 101 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔