اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)لاہور میں شدید بارش کے باعث اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی کے درمیان کھیلا جانے والا اہم میچ بے نتیجہ ختم کر دیا گیا، جس کے بعد دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا گیا۔
ایگزو نیوز کے مطابق شہر میں شام پانچ بجے کے بعد طوفانی بارش کا سلسلہ شروع ہوا جو مسلسل ساڑھے سات بجے تک جاری رہا۔ بارش کے باعث گراونڈ کی آوٹ فیلڈ مکمل طور پر گیلی ہو گئی جبکہ پچ میں بھی نمی بڑھنے سے کھیل کے لیے سازگار حالات باقی نہ رہے۔میچ آفیشلز نے گراونڈ کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد فیصلہ کیا کہ کھیل کو مزید جاری رکھنا ممکن نہیں، جس کے نتیجے میں میچ کو ختم کرنے کا اعلان کیا گیا۔انتظامیہ کے مطابق قوانین کے تحت میچ کے بے نتیجہ ختم ہونے پر دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا گیا ہے، تاہم شائقین کرکٹ اس اہم مقابلے کے بغیر نتیجہ ختم ہونے پر مایوس دکھائی دیے۔ماہرین کے مطابق بارش کے باعث میچ کا متاثر ہونا ٹورنامنٹ کے پوائنٹس ٹیبل پر بھی اثر انداز ہو سکتا ہے،کیونکہ ایسے مواقع پر حاصل ہونے والے پوائنٹس ٹیموں کی پوزیشن پر اہم کردار ادا کرتے ہیں۔دوسری جانب ٹیموں کے کھلاڑیوں اور آفیشلز نے بھی موسم کی شدت کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلے کو ناگزیر قرار دیا ہے جبکہ امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ آئندہ میچز موسم کی مداخلت سے محفوظ رہیں گے۔
لاہور میں طوفانی بارش کی وجہ سے اہم مقابلہ منسوخ،اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی کو ایک ایک پوائنٹ مل گیا
3