مری میں بارش اور برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔ آئندہ 24 گھنٹوں تک مزید بارش و برف باری کے امکانات ہیں۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق گزشتہ رات سے مری میں 2.5 انچز برفباری ریکارڈ کی گئی۔ بارش اور برف باری کے باعث سڑکوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوسکتی ہے۔ سڑکوں پر انتظامیہ کی جانب سے نمک کا چھڑکاﺅ کیا جارہا ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کی مری انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایات، کہا انتظامیہ کی جانب سے کسی قسم کی غفلت کا مظاہرہ نہ کیا جائے۔ شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی کو یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ مری میں سیاحوں کی رہنمائی کیلئے 13 فسیلیٹیشن مراکز قائم ہیں۔ سیاحوں سے گزارش ہے کہ موسم کی صورت حال کا جائزہ لے کر سفر پر نکلیں۔ مقامی شہری بھی احتیاط کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے مزید کہا کہ تمام ادارے عوام الناس کی خدمت میں مصروف ہیں۔ ایمرجنسی کی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔