ملک بھر میں مون سون کی موسلادھار بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث نشیبی علاقے زیرِآب آ گئے ہیں اور لاہور میں سیلاب جیسی صورت حال پیدا ہو گئی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مختلف حادثات میں 3 افراد جاں بحق اور 22 زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کے متعدد علاقوں بشمول لکشمی چوک، گڑھی شاہو، مال روڈ، سول سیکرٹریٹ، ساندہ، چوبرجی، اقبال ٹاؤن، نشتر ٹاؤن، جوہر ٹاؤن اور کاہنہ میں شدید بارش کے باعث پانی سڑکوں پر جمع ہو گیا، جس سے ٹریفک کی روانی اور روزمرہ زندگی بری طرح متاثر ہوئی۔
شدید بارش کے باعث بجلی کا نظام بھی درہم برہم ہو گیا، لیسکو کے 260 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے، جس سے کئی علاقے تاریکی میں ڈوب گئے۔ اسلام آباد، راولپنڈی، قصور، فیصل آباد، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، سرگودھا اور دیگر شہروں میں بھی بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی بھر گیا اور گھروں میں داخل ہو گیا۔
بارش کے دوران مختلف حادثات بھی پیش آئے: شیخوپورہ میں چھت گرنے سے 2 بچے جاں بحق اور 2 زخمی ہوئے، جبکہ لاہور کے علاقے کشمیری گیٹ میں کرنٹ لگنے سے ایک بچہ جان کی بازی ہار گیا۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون کا یہ سلسلہ 13 جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ اس سلسلے میں پی ڈی ایم اے پنجاب نے تمام اضلاع کو الرٹ جاری کر دیا ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے نے ہدایت کی ہے کہ تمام متعلقہ ادارے الرٹ رہیں، مشینری اور عملہ تیار رکھا جائے، اور نشیبی علاقوں سے فوری پانی نکالنے کا بندوبست کیا جائے تاکہ کسی بڑے نقصان سے بچا جا سکے۔