Home » کوئٹہ ایک بار پھر لہو ،لہو، ایف سی ہیڈکوارٹر پر خودکش حملے میں 10 شہید،30 سے زائد زخمی

کوئٹہ ایک بار پھر لہو ،لہو، ایف سی ہیڈکوارٹر پر خودکش حملے میں 10 شہید،30 سے زائد زخمی

by ahmedportugal
5 views
A+A-
Reset

کوئٹہ(ایگزو نیوز ڈیسک)بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ ایک بار پھر دہشت گردوں کے خونی وار کا نشانہ بن گیا،ماڈل ٹاون کے حساس علاقے خوجک روڈ پر فرنٹیئر کور(ایف سی)ہیڈکوارٹر کے مرکزی دروازے پر ایک خودکش دھماکا ہوا،جس نے پورے شہر کو لرزا دیا،دھماکے کے نتیجے میں 10 بے گناہ شہری اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے،جن میںدو سیکیورٹی اہلکاروں سمیت 4 خواتین بھی شامل ہیں،جب کہ 30 سے زائد زخمی حالت میں مختلف ہسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں۔ زخمیوں میں 2 سکیورٹی اہلکار بھی شامل ہیں، کئی کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق خودکش حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی کو ایف سی ہیڈکوارٹر کے مرکزی دروازے سے ٹکرا دیا، جس کے ساتھ ہی زور دار دھماکا ہوا۔ دھماکے کی آواز کئی کلومیٹر دور تک سنی گئی، قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور پارکنگ میں کھڑی متعدد گاڑیاں تباہ ہو گئیں۔ دھماکے کے فوری بعد اندھا دھند فائرنگ کی آوازوں نے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا دیا تاہم سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کو ہیڈکوارٹر کے اندر داخل ہونے سے روک دیا اور فائرنگ کے تبادلے میں خودکش بمبار سمیت 6 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے سول ہسپتال کوئٹہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہادتوں کی تصدیق کی۔ ان کے مطابق شہید ہونے والوں میں 4 خواتین شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں کئی افراد نازک حالت میں ہیں جنہیں انتہائی نگہداشت وارڈ منتقل کیا گیا ہے۔ ہسپتال انتظامیہ نے خون کے عطیات کی اپیل بھی کی ہے۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے واقعے پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے ایف سی کے جوانوں کی جرات اور بروقت کارروائی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ایف سی کے بہادر سپوتوں نے اپنی جانوں پر کھیل کر دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنا دیے۔ ان کے مطابق “فتنہ الہندوستان” کے 6 حملہ آور جہنم واصل کیے گئے،جو اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کی فورسز دہشت گردوں کو شکست دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔ وزیرداخلہ نے شہدا کو خراج تحسین پیش کیا اور زخمی اہلکاروں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بھی حملے کی شدید مذمت کی۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کی یہ بزدلانہ کارروائی بلوچستان کے امن کو سبوتاڑ کرنے کی ناکام کوشش ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سکیورٹی فورسز نے جس سرعت اور دلیری کے ساتھ دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا، وہ قابلِ تحسین ہے۔وزیراعلیٰ نے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے اعلان کیا کہ شہدا کے ورثا کو فوری مالی امداد دی جائے گی جبکہ زخمیوں کے علاج کا مکمل خرچ صوبائی حکومت برداشت کرے گی۔دھماکے کے بعد کوئٹہ شہر میں سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی۔ ایف سی اور پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ناکا بندی کر دی، بم ڈسپوزل سکواڈز کو الرٹ کر دیا گیا اور سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔

سکیورٹی حکام کے مطابق حملہ آوروں کی شناخت اور ان کے نیٹ ورک کا پتہ چلانے کے لیے تحقیقات جاری ہیں، اور امکان ہے کہ یہ حملہ مقامی دہشت گرد گروہوں کے ساتھ ساتھ بیرونی عناصر کی ملی بھگت کا نتیجہ ہو۔ترجمان ایف سی نے ابتدائی بیان میں بتایا کہ دھماکے سے ہیڈکوارٹر کا مرکزی گیٹ اور بیرونی دیواریں شدید متاثر ہوئیں تا ہم اندرونی تنصیبات محفوظ رہیں۔ان کے مطابق اگر بروقت کارروائی نہ کی جاتی تو جانی نقصان کہیں زیادہ ہو سکتا تھا۔یہ واقعہ اس وقت پیش آیا ہے جب بلوچستان حالیہ دنوں میں دہشت گردی کی ایک نئی لہر کا سامنا کر رہا ہے۔پولیس ٹریننگ مراکز،سیاسی اجتماعات اور سرکاری عمارتیں بار بار نشانہ بن رہی ہیں، جس سے صوبے میں خوف و بے یقینی کی فضا قائم ہے۔ شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ ایسی بزدلانہ کارروائیاں عوام کے حوصلے پست نہیں کر سکتیں، اور وہ سکیورٹی اداروں کے ساتھ کھڑے ہیں۔کوئٹہ کا یہ سانحہ نہ صرف متاثرہ خاندانوں کے لیے ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے بلکہ ملک بھر کے عوام کے لیے ایک کربناک پیغام ہے۔ خون میں رنگی یہ شام ایک بار پھر یاد دلا گئی کہ پاکستان کی سلامتی کو درپیش خطرات ابھی ختم نہیں ہوئے لیکن یہ بھی حقیقت ہے کہ قوم کے بہادر سپوت اپنی جانیں دے کر وطن کے دفاع میں ہر بار سرخرو ہو رہے ہیں۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز