واشنگٹن(ایگزو نیوز ڈیسک)قطر کی جانب سے امریکی صدر کو تحفے میں دیے گئے جدید طیارے کو باضابطہ طور پر ”ایئر فورس ون“ بیڑے میں شامل کر دیا گیا ہے، جس کی رونمائی ایک خصوصی تقریب میں کی گئی جہاں اسے جدید ٹیکنالوجی اور اعلیٰ معیار کی سہولیات کا حامل قرار دیا گیا۔
امریکی فضائیہ کے حکام کے مطابق اس وسیع الجثہ مسافر بردار طیارے میں جدید سیکیورٹی نظام،بہتر مواصلاتی سہولیات،مضبوط لاجسٹک سپورٹ اور جدید ترین ٹیکنالوجی نصب کی گئی ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ طیارے میں موجود ممکنہ سیکیورٹی خدشات کو مکمل طور پر ختم کر دیا گیا ہے تاکہ صدارتی سطح کے استعمال کیلئے اسے محفوظ بنایا جا سکے۔طیارے کے اندرونی ڈھانچے میں بڑی تبدیلیاں نہیں کی گئیں تاہم بیرونی حصے کو سرخ، سفید،نیلے اور سنہری رنگوں سے مزین کیا گیا ہے، جو اسے ایک شاہانہ اور منفرد شناخت فراہم کرتا ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے طیارے کو غیر معمولی معیار اور عیش و عشرت کا حامل قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس جیسی سہولت اور معیار اس سے قبل دیکھنے میں نہیں آیا۔انہوں نے طیارے میں استعمال ہونے والے لکڑی کے کام،اندرونی میٹریل اور انجن کو دنیا کے بہترین معیار کا قرار دیا اور قطر کے امیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اسے ایک اعزاز قرار دیا۔یہ طیارہ مئی 2025 میں قطری شاہی خاندان کی جانب سے تحفے میں دیا گیا تھا تاہم اس اقدام پر امریکی سیاسی حلقوں میں شدید ردعمل سامنے آیا۔دونوں بڑی سیاسی جماعتوں کے متعدد رہنماوں نے اسے مفادات کے ٹکراو اور ممکنہ آئینی مسئلہ قرار دیا جبکہ ناقدین کا موقف تھا کہ اتنی قیمتی غیر ملکی تحفہ قبول کرنا قانونی اور اخلاقی سوالات کو جنم دیتا ہے۔
امریکی قانون کے تحت سرکاری عہدیداروں کیلئے 480 ڈالر تک کے تحائف قبول کرنے کی حد مقرر ہے تاہم وائٹ ہاوس نے موقف اختیار کیا کہ اس طیارے کی قبولیت قانونی دائرے میں آتی ہے۔حکام کے مطابق صدارتی مدت مکمل ہونے کے بعد یہ طیارہ ٹرمپ کی صدارتی لائبریری کے حوالے کر دیا جائے گا۔امریکی فضائیہ کا کہنا ہے کہ یہ طیارہ عبوری طور پر صدر کے زیر استعمال رہے گا،جب تک بوئنگ کی جانب سے تیار کیے جانے والے نئے VC-25B طیارے مکمل نہیں ہو جاتے،جن کی فراہمی میں کئی برس کی تاخیر ہو چکی ہے۔واضح رہے کہ 1990 سے استعمال میں موجود پرانے ایئر فورس ون بیڑے میں شامل بوئنگ 747-200B طیاروں میں سے ایک کو مرحلہ وار سروس سے نکالا جا رہا ہے،جس کے بعد قطری طیارہ اس کی جگہ اہم کردار ادا کرے گا۔