Home » سمندری راستوں پر کنٹرول ناقابل قبول،قطر نے آبنائے ہرمز سے گزرنے پر ایرانی فیس منصوبہ مسترد کر دیا

سمندری راستوں پر کنٹرول ناقابل قبول،قطر نے آبنائے ہرمز سے گزرنے پر ایرانی فیس منصوبہ مسترد کر دیا

by ahmedportugal
12 views
A+A-
Reset

اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)سمندری تجارتی گزرگاہوں پر کسی ایک ملک کے کنٹرول کو مسترد کرتے ہوئے قطر نے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں پر فیس عائد کرنے کے ایرانی منصوبے کی کھل کر مخالفت کر دی ہے۔قطری وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمان الثانی نے واضح کیا ہے کہ عالمی تجارت کے اس اہم راستے پر کسی بھی قسم کی مالی یا انتظامی پابندی خطے کے استحکام اور بین الاقوامی معیشت کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے اور اس حوالے سے قطر کا موقف اصولی اور غیر مبہم ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق قطر کے وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمان الثانی نے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے بحری جہازوں پر فیس عائد کرنے کے ایرانی منصوبے کی واضح طور پر مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس نوعیت کی کوئی بھی تجویز قابل قبول نہیں ہوگی۔برطانوی میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں انہوں نے اس معاملے پر قطر کے دوٹوک موقف کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عالمی تجارت کے اس اہم سمندری راستے پر کسی ایک ملک کا کنٹرول یا مالی پابندی عائد کرنا خطے اور دنیا کے لیے تشویش کا باعث بن سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت کی بحالی کے لیے امریکا اور ایران کے درمیان قائم ہاٹ لائن نہایت اہم پیش رفت ہے،جس کا مقصد غلط معلومات کے پھیلاو اور ممکنہ اشتعال انگیزی کو روکنا ہے۔ان کے مطابق خطے میں ایسے عناصر موجود ہیں جو کسی بھی ممکنہ معاہدے کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کر سکتے ہیں،اس لیے ضروری ہے کہ جہاز رانی سے متعلق کسی بھی خطرے یا دھمکی کی براہ راست ایران سے تصدیق کی جائے۔

قطری وزیراعظم نے واضح کیا کہ اگر ایران کی جانب سے اس حوالے سے کوئی باضابطہ ماڈل پیش کیا جاتا ہے تو اس کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا تاہم اس کے حق میں مضبوط دلائل فراہم کرنا ایران کی ذمہ داری ہو گی۔انہوں نے زور دیا کہ دنیا تک رسائی کے اس اہم سمندری راستے پر کسی اور کا کنٹرول کسی صورت قابل قبول نہیں۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ 30 روز کے اندر خطے میں بحری سرگرمیاں جنگ سے پہلے کی سطح کے قریب پہنچ جائیں گی۔مزید برآں،قطر نے آئندہ چند ہفتوں میں مائع قدرتی گیس (ایل این جی)کی پیداوار معمول پر لانے کا عندیہ بھی دیا تاہم اس عمل کو آبنائے ہرمز کی مجموعی صورتحال سے مشروط قرار دیا گیا ہے۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز