Home » روسی صدر پیوٹن اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کا رابطہ،یمن جنگ بندی اور آبنائے ہرمز پر اہم اتفاق

روسی صدر پیوٹن اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کا رابطہ،یمن جنگ بندی اور آبنائے ہرمز پر اہم اتفاق

by ahmedportugal
11 views
A+A-
Reset

ماسکو(ایگزو نیوز ڈیسک)روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور سعودی عرب کے ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے،جس میں مشرقِ وسطیٰ بالخصوص خلیج کی موجودہ صورتِ حال،یمن میں جاری فوجی و سیاسی کشیدگی،دوطرفہ تعلقات اور علاقائی سلامتی سے متعلق اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
روسی صدارتی دفتر کریملن کے مطابق دونوں رہنماوں نے خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں سیاسی اور سفارتی کوششوں کو بحران کے حل کا بنیادی راستہ قرار دیتے ہوئے تمام متعلقہ فریقوں کے مفادات کو مدنظر رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔کریملن کے مطابق گفتگو کے دوران یمن کی بگڑتی ہوئی عسکری اور سیاسی صورتِ حال بھی زیر بحث آئی،جہاں دونوں رہنماوں نے فوری طور پر لڑائی روکنے کی ضرورت پر زور دیا۔روسی اور سعودی قیادت نے یمنی فریقوں کے درمیان اقوام متحدہ کی سرپرستی میں تعمیری مذاکرات کے لیے سازگار حالات پیدا کرنے کی اہمیت پر بھی اتفاق کیا۔دونوں رہنماوں نے مشرقِ وسطیٰ میں جاری بحران کے خاتمے کے لیے سیاسی اور سفارتی ذرائع سے پیش رفت کو ناگزیر قرار دیا۔کریملن کے بیان کے مطابق ان کا موقف تھا کہ موجودہ بحران کو معمول پر لانے کے لیے ایسا سیاسی حل تلاش کیا جانا چاہیے جس میں تمام متعلقہ فریقوں کے مفادات کو مناسب طور پر ملحوظ رکھا جائے۔

ٹیلی فونک گفتگو میں خطے کی اہم بین الاقوامی آبی گزرگاہوں کی صورتِ حال بھی خصوصی طور پر زیر بحث آئی۔روسی صدر اور سعودی ولی عہد نے آبنائے ہرمز اور باب المندب سمیت اہم سمندری راستوں سے بحری جہازوں کی محفوظ،بلا رکاوٹ اور معمول کے مطابق آمدورفت یقینی بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔کریملن کے مطابق دونوں رہنماوں نے اس امر کو اہم قرار دیا کہ بین الاقوامی آبی گزرگاہیں عالمی تجارت اور توانائی کی ترسیل کے لیے انتہائی اہم ہیں،اس لیے ان میں بحری جہازوں کی محفوظ نقل و حرکت کو یقینی بنانے کے لیے موثر اقدامات ضروری ہیں۔

یہ رابطہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی نے خلیج اور بحیرہ احمر کی اہم سمندری گزرگاہوں کی سلامتی کے حوالے سے خدشات میں اضافہ کیا ہے۔حالیہ دنوں میں یمن میں حوثی گروپ کی پیش قدمی کے باعث باب المندب کے قریب بھی صورتِ حال مزید حساس ہوئی ہے جبکہ آبنائے ہرمز میں کشیدگی نے عالمی توانائی اور بحری تجارت پر بھی دباو بڑھایا ہے۔روس اور سعودی عرب کے سربراہان نے گفتگو کے دوران دوطرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون کا بھی جائزہ لیا۔ کریملن کے مطابق دونوں جانب سے سیاسی،تجارتی،اقتصادی اور انسانی شعبوں میں روسی سعودی تعاون کی موجودہ سطح پر اطمینان کا اظہار کیا گیا اور باہمی روابط کو مزید جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

صدر ولادیمیر پیوٹن نے سعودی ولی عہد کو سعودی قومی دن کے موقع پر مبارکباد بھی پیش کی۔اس موقع پر انہوں نے روس اور سعودی عرب کے تاریخی تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایک صدی قبل سوویت یونین سعودی مملکت کو تسلیم کرنے والا پہلا غیر ملکی ملک تھا۔دونوں رہنماوں نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ مختلف سطحوں پر باہمی رابطے اور مشاورت کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا تاکہ علاقائی صورتِ حال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر رابطہ برقرار رہے۔روسی صدر اور سعودی ولی عہد کے درمیان ہونے والی یہ گفتگو ایک ایسے مرحلے میں سامنے آئی ہے جب یمن میں فوجی پیش رفت،بحیرہ احمر میں بحری سلامتی اور آبنائے ہرمز کی صورتِ حال نے علاقائی بحران کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے۔ ایسے میں ماسکو اور ریاض کی جانب سے سیاسی و سفارتی حل،جنگ بندی اور اہم بین الاقوامی آبی گزرگاہوں میں محفوظ بحری آمدورفت پر زور خطے کی موجودہ صورتحال میں نمایاں سفارتی پیش رفت کے طور پر سامنے آیا ہے تاہم اس رابطے سے کسی نئے معاہدے یا عملی اقدام کا اعلان نہیں کیا گیا۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز