لاہور(ایگزو نیوز ڈیسک)پنجاب حکومت نے امتحانی نظام میں شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنانے کے لیے ایک تاریخی قدم اٹھاتے ہوئے صوبے کے تمام تعلیمی بورڈز میں جدید ٹیکنالوجی پر مبنی نظام نافذ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ای مارکنگ، بائیو میٹرک حاضری اور مرکزی سوالیہ بینک جیسے اقدامات کے ذریعے نقل مافیا کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کا عندیہ دیا گیا ہے،جس کا مقصد امتحانات کو صاف،منصفانہ اور عالمی معیار کے مطابق بنانا ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق پنجاب حکومت نے صوبے کے تمام تعلیمی بورڈز میں امتحانی نظام کو جدید ٹیکنالوجی پر منتقل کرنے کا اعلان کرتے ہوئے ایک جامع اصلاحاتی منصوبہ پیش کر دیا ہے،جس کا مقصد شفافیت،میرٹ اور امتحانی معیار کو بہتر بنانا ہے۔اس حوالے سے چیئرمین ٹاسک فورس برائے امتحانات پنجاب مزمل محمود نےمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ تمام تعلیمی بورڈز میں ای مارکنگ کا نظام متعارف کرایا جا رہا ہے تا کہ امتحانی نتائج میں انسانی مداخلت کم سے کم ہو سکے، اس منصوبے کا پائلٹ مرحلہ 2026 میں میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے کمپیوٹر کے مضامین کے امتحانات سے شروع کیا جائے گا،پائلٹ مرحلے کے نتائج کی بنیاد پر نظام کو مرحلہ وار دیگر مضامین اور امتحانات تک توسیع دی جائے گی۔
مزمل محمود کے مطابق صوبے بھر کے تمام امتحانی مراکز میں ڈیجیٹل حاضری کا جدید نظام نصب کیا جائے گا،جہاں طلبا کی حاضری بائیو میٹرک تصدیق کے ذریعے لی جائے گی۔اس اقدام سے جعلی حاضری،پیپر آوٹ اور غیر متعلقہ افراد کے امتحانی مراکز میں داخلے جیسے مسائل پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔انہوں نے مزید بتایا کہ ڈیجیٹل اصلاحات کا یہ منصوبہ آئندہ تین برسوں میں مرحلہ وار مکمل طور پر نافذ کر دیا جائے گا۔اس دوران امتحانی عمل کی نگرانی،نتائج کی تیاری اور ڈیٹا کے تحفظ کے لیے جدید آئی ٹی نظام بھی متعارف کرائے جائیں گے۔چیئرمین ٹاسک فورس کے مطابق امتحانی نظام کو مزید موثر اور معیاری بنانے کے لیے تمام تعلیمی بورڈز کے لیے یکساں سوالات پر مشتمل ایک مرکزی سوالیہ بینک بھی قائم کیا جائے گا۔اس اقدام سے امتحانی معیار میں یکسانیت آئے گی اور مختلف بورڈز کے درمیان نتائج کے فرق کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔مزمل محمود نے کہا کہ ان اصلاحات کا بنیادی مقصد نقل،بے ضابطگیوں اور غیر شفاف طریقہ کار کا خاتمہ ہے تا کہ طلبا کو ایک منصفانہ،قابلِ اعتماد اور جدید امتحانی نظام فراہم کیا جا سکے۔ان کے مطابق حکومت کا ہدف ایک ایسا امتحانی ڈھانچہ قائم کرنا ہے جو عالمی معیار سے ہم آہنگ ہو اور طلبا کی محنت کا درست انداز میں اعتراف کر سکے۔