Home » پنجاب میں گندم کی نئی قیمت مقرر،حکومت کا بڑا ریلیف،روٹی 15 روپے میں دینے کا اعلان

پنجاب میں گندم کی نئی قیمت مقرر،حکومت کا بڑا ریلیف،روٹی 15 روپے میں دینے کا اعلان

by ahmedportugal
13 views
A+A-
Reset

اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)پنجاب حکومت نے گندم کی نئی ریلیز قیمت مقرر کرتے ہوئے آٹے کی قیمتوں میں استحکام اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے اہم اقدام اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ گندم 3 ہزار 800 روپے فی من جاری کی جائے گی جبکہ صوبے بھر میں 15 روپے میں روٹی کی فراہمی کو یقینی بنانے کا عزم بھی ظاہر کیا گیا ہے۔اس فیصلے کو مہنگائی کے دباو میں کمی اور بنیادی اشیائے خورونوش کی قیمتوں کو کنٹرول میں رکھنے کی کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق حکومتِ پنجاب نے صوبے میں گندم کی نئی ریلیز قیمت 3 ہزار 800 روپے فی من مقرر کرتے ہوئے اس فیصلے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے،جس کا مقصد گندم اور آٹے کی مستحکم فراہمی کو یقینی بنانا اور قیمتوں کو قابو میں رکھنا ہے۔یہ فیصلہ پنجاب کابینہ کی منظوری کے بعد محکمہ فوڈ سیفٹی اینڈ کنزیومر پروٹیکشن کی جانب سے نافذ کیا گیا۔حکام کے مطابق اس اقدام کے تحت صوبے میں آٹے کی قیمتوں میں غیر ضروری اضافے کو روکنے اور عام شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ترجمان کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت نے پنجاب کو پاکستان زرعی اجناس ذخیرہ و خدمات کارپوریشن(پاسکو)سے فوری گندم خریدنے کی ہدایت کی ہے تاکہ سپلائی چین میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ آئے۔اس سلسلے میں پنجاب کو ابتدائی طور پر 3 لاکھ میٹرک ٹن گندم فراہم کرنے کی منظوری دی گئی ہے جبکہ صوبائی محکمہ پہلے ہی 2 لاکھ میٹرک ٹن گندم حاصل کر چکا ہے۔مجموعی طور پر پنجاب حکومت نے 8 لاکھ میٹرک ٹن گندم کی فراہمی کی درخواست کی تھی تاہم اب تک 5 لاکھ 33 ہزار 440 میٹرک ٹن گندم مختص کی گئی ہے۔

ترجمان کے مطابق پاسکو کی جانب سے گندم کی قیمت 4 ہزار 150 روپے فی من مقرر کی گئی ہے تاہم پنجاب حکومت نے عوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے ریلیز قیمت اس سے کم یعنی 3 ہزار 800 روپے فی من رکھی ہے تاکہ آٹے کی قیمتوں پر دباو کم رکھا جا سکے۔حکومت نے اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ صوبے بھر میں 15 روپے میں روٹی کی دستیابی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا،جس کے لیے متعلقہ اداروں کو سخت نگرانی اور عملدرآمد کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کے ذریعے نہ صرف قیمتوں میں استحکام آئے گا بلکہ مارکیٹ میں سپلائی بھی برقرار رکھی جا سکے گی۔دوسری جانب وزارتِ قومی غذائی تحفظ نے پنجاب حکومت کو ہدایت کی ہے کہ گندم خریداری کا شیڈول جلد از جلد جمع کرایا جائے اور پیشگی ادائیگی کا عمل فوری مکمل کیا جائے تاکہ گندم کی ترسیل اور دستیابی میں کسی قسم کی تاخیر نہ ہو۔حکام کے مطابق بروقت اقدامات کے ذریعے صوبے میں غذائی تحفظ کو یقینی بنانے اور ممکنہ بحران سے بچنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز