لاہور(ایگزو نیوز ڈیسک)پنجاب حکومت نے آئندہ مالی سال کے دوران صوبائی آمدن میں نمایاں اضافہ کے لیے بڑے اور جامع اہداف مقرر کر دیے ہیں۔بجٹ دستاویزات کے مطابق مجموعی صوبائی ریونیو کا ہدف 1229 ارب روپے رکھا گیا ہے،جس کے تحت مختلف محاصل اور دیگر ذرائع سے آمدن میں اضافہ کیا جائے گا۔
دستاویزات کے مطابق صوبائی محاصل کی مد میں 748 ارب روپے وصول کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے،جو گزشتہ مالی سال کے نظرثانی شدہ تخمینوں کے مقابلے میں واضح اضافہ ظاہر کرتا ہے۔ پنجاب ریونیو اتھارٹی کو سب سے بڑا ہدف دیا گیا ہے،جس کے تحت 528 ارب روپے وصول کیے جائیں گے جبکہ رواں مالی سال یہ ہدف 370 ارب روپے تھا۔اسی طرح بورڈ آف ریونیو کے ذریعے 86.2 ارب روپے آمدن کا تخمینہ لگایا گیا ہے،جو گزشتہ سال کے 70 ارب روپے کے مقابلے میں اضافہ ظاہر کرتا ہے۔ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ کے لیے 124 ارب روپے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جبکہ رواں سال اس مد میں 77.2 ارب روپے آمدن متوقع تھی۔
بجٹ دستاویزات کے مطابق دیگر صوبائی محصولات کی مد میں 10 ارب روپے اور کیش مینجمنٹ فنڈ سے 80 ارب روپے حاصل کرنے کا ہدف بھی شامل ہے۔اس کے علاوہ غیر صوبائی ذرائع سے 441 ارب روپے تک آمدن متوقع ہے،جو مجموعی مالیاتی حکمت عملی کا اہم حصہ ہے۔حکومت پنجاب کے مطابق محصولات میں اضافہ سے نہ صرف ترقیاتی منصوبوں کے لیے وسائل دستیاب ہوں گے بلکہ عوامی خدمات کی فراہمی اور مالیاتی استحکام کو بھی یقینی بنایا جا سکے گا۔حکومتی حکمت عملی کے تحت ریونیو سسٹم کو مزید موثر اور شفاف بنانے کے لیے اصلاحات بھی جاری ہیں۔