لاہور(ایگزو نیوز ڈیسک)پنجاب حکومت نے کاروباری سرگرمیوں کے اوقات کار میں بڑی تبدیلی کرتے ہوئے نیا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے،جس کے تحت صوبے بھر میں دکانیں،مارکیٹس اور شاپنگ مالز رات 9 بجے بند ہوں گے۔اس فیصلے کے بعد کاروباری نظام میں واضح تبدیلی دیکھنے کو ملے گی جبکہ مختلف شعبوں کے لیے مخصوص استثنیٰ بھی برقرار رکھا گیا ہے،دوسری جانب ریسٹورنٹس مالکان کی جانب سے نئے اوقات کار پر بھی شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ حکومت ریسٹورنٹس کو بھی نئے اوقات کار میں مکمل استثنیٰ دے ۔
ایگزو نیوز کے مطابق پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں کاروباری مراکز کے اوقاتِ کار میں تبدیلی کرتے ہوئے نیا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے،جس کے مطابق دکانیں،مارکیٹس،شاپنگ مالز اور عام بازار رات 9 بجے بند ہوں گے۔یہ فیصلہ چیف سیکرٹری پنجاب کی منظوری سے فوری طور پر نافذ العمل ہو گیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق ڈیپارٹمنٹل سٹورز،کریانہ اور جنرل سٹورز کو بھی رات 9 بجے تک کاروبار کی اجازت ہو گی جبکہ شادی ہالز، مارکیز اور دیگر تقریباتی مقامات کو رات 10 بجے بند کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔اسی طرح ریسٹورنٹس،کیفے،سینما ہالز اور فوڈ آوٹ لیٹس رات 11 بجے تک کھلے رہ سکیں گے جبکہ ٹیک اوے اور ہوم ڈیلیوری سروسز کو بندش کے اوقات سے استثنیٰ حاصل ہو گا۔حکومت کے مطابق یہ فیصلہ موسم کی صورتحال، گرمی کے بڑھتے ہوئے دورانیے اور عوامی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے تاکہ کاروباری سرگرمیوں کو بہتر انداز میں منظم کیا جا سکے۔نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ فارمیسیز،ہسپتال، کلینکس اور لیبارٹریز کو مکمل استثنیٰ حاصل ہو گا جبکہ بیکریز، تندور، دودھ اور ڈیری شاپس پر بھی یہ اوقات لاگو نہیں ہوں گے۔اسی طرح پیٹرول پمپس،سی این جی سٹیشنز اور الیکٹرک وہیکل چارجنگ پوائنٹس بھی معمول کے مطابق کام کرتے رہیں گے۔جم،سپورٹس فیسلٹیز اور پیڈل کورٹس کو بھی پابندی سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے جبکہ آئی ٹی کمپنیوں اور کال سینٹرز کو بھی اوقات کار کی پابندی سے آزاد رکھا گیا ہے۔
حکومت نے کہا ہے کہ یہ اقدام شہریوں کی سہولت اور کاروباری نظم و ضبط کو بہتر بنانے کے لیے اٹھایا گیا ہے،جس پر فوری عمل درآمد کیا جائے گا۔دوسری جانب پنجاب حکومت کی جانب سے کاروباری مراکز کے اوقات کار میں تبدیلی کے بعد جہاں نئے نوٹیفکیشن پر عملدرآمد شروع ہو گیا ہے،وہیں مختلف کاروباری حلقوں میں اس فیصلے پر ردعمل بھی سامنے آ رہا ہے۔ریسٹورنٹس مالکان نے نئے اوقات کار پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ریسٹورنٹس کو بھی مکمل استثنیٰ دیا جائے یا ان کے لیے اوقات کار میں مزید نرمی کی جائے۔ان کا کہنا ہے کہ موجودہ پابندیاں کاروباری سرگرمیوں اور روزگار پر منفی اثر ڈال سکتی ہیں۔