Home » پنجاب میں بسنت کی نئی بہار،آئندہ سال بڑے پیمانے پر جشن،قانون اور حفاظتی ضوابط بھی تیار

پنجاب میں بسنت کی نئی بہار،آئندہ سال بڑے پیمانے پر جشن،قانون اور حفاظتی ضوابط بھی تیار

by ahmedportugal
29 views
A+A-
Reset

لاہور(ایگزو نیوز ڈیسک)پنجاب حکومت نے آئندہ سال بسنت کے انعقاد کا دائرہ وسیع کرنے کے لیے انتظامی و قانونی تیاریوں کا آغاز کردیا ہے۔ ذرائع کے مطابق صوبائی سطح پر بسنت منانے کے اصولی فیصلے کے بعد مختلف شہروں اور مخصوص مقامات پر پتنگ بازی کی اجازت،پتنگ اور ڈور کی تیاری،قیمتوں کے نظم، حفاظتی اقدامات اور ضوابط وضع کرنے کے لیے منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق آئندہ سال جنوری کے آخری ہفتے میں پنجاب بھر میں منظم انداز میں بسنت منانے کی تجویز زیر غور ہے تاہم حتمی تاریخ،مقامات اور اضلاع سے متعلق باضابطہ نوٹیفکیشن بعد میں جاری کیے جانے کا امکان ہے۔واضح رہے کہ پنجاب حکومت نے 2026 میں طویل وقفے کے بعد لاہور میں محدود پیمانے پر بسنت کی اجازت دی تھی جبکہ بعد ازاں 2027 کے لیے مزید سخت حفاظتی قواعد و ضوابط بھی جاری کیے گئے۔حکومت نے واضح کیا تھا کہ محفوظ اور قانونی طریقے سے پتنگ بازی ہی کی اجازت ہوگی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ مرحلے میں پتنگ اور ڈور بنانے کے لیے مخصوص مقامات کی نشاندہی کی جائے گی،جہاں مقررہ ضوابط کے تحت پیداواری سرگرمیوں کی اجازت دی جاسکے گی۔اس مقصد کے لیے انتظامی پلان تیار کیا جارہا ہے تاکہ غیر قانونی اور خطرناک مواد کی تیاری و فروخت پر موثر نگرانی ممکن بنائی جاسکے۔

پنجاب حکومت کی جانب سے بسنت کے لیے پہلے ہی یہ اصول طے کیے جاچکے ہیں کہ پتنگ بازی صرف محفوظ اور مضبوط چھتوں پر کی جاسکے گی،چھتوں کی حفاظتی دیوار کی کم از کم اونچائی مقرر ہوگی اور چھتوں پر حد سے زیادہ افراد کے جمع ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔بچوں کی نگرانی بھی والدین اور سرپرستوں کی ذمہ داری قرار دی گئی ہے۔نئے قواعد کے تحت تیز ہوا، بارش، گرج چمک یا کم حدِ نگاہ کے دوران پتنگ بازی پر پابندی ہوگی جبکہ خطرناک انداز میں پتنگ لوٹنے، چھت کے کناروں پر دوڑنے یا لٹکنے اور دیگر جان لیوا حرکات کی بھی اجازت نہیں ہوگی۔متعلقہ حکام کو خلاف ورزی کرنے والی عمارتوں یا مقامات کے خلاف کارروائی کا اختیار دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق حکومت پتنگ اور ڈور کی قیمتوں کو بھی قابو میں رکھنے کے لیے خصوصی لائحہ عمل تیار کررہی ہے تاکہ بسنت کے موقع پر طلب میں اضافے کے باعث قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ نہ ہو۔اس سلسلے میں رجسٹرڈ مینوفیکچررز اور فروخت کنندگان کے نظام کو مزید منظم کرنے پر بھی غور کیا جارہا ہے۔2026 کے بسنت انتظامات کے دوران بھی حکومت نے مخصوص اضلاع میں مقررہ معیار کے مطابق پتنگ سازی اور ڈور کی تیاری کی اجازت دی تھی۔اس وقت فیصل آباد، قصور،ملتان اور شیخوپورہ میں اجازت یافتہ سامان کی تیاری کی منظوری دی گئی تھی جبکہ مصنوعات کو مقررہ طریقہ کار کے تحت لاہور میں استعمال کے لیے فروخت کرنے کی شرط رکھی گئی تھی۔حکومتی منصوبہ بندی کے مطابق آئندہ بسنت کے لیے بھی صرف منظور شدہ اور محفوظ سامان استعمال کرنے کی اجازت ہوگی۔ خطرناک،دھاتی،نائیلون یا پلاسٹک کی ڈور اور انسانی جانوں کے لیے نقصان دہ مواد پر پابندی بدستور برقرار رہے گی۔

ذرائع کے مطابق بسنت کے ممکنہ صوبائی سطح پر انعقاد کے لیے متعلقہ محکموں کو قانون سازی اور قواعد و ضوابط کو حتمی شکل دینے کی ذمہ داری بھی دی جارہی ہے۔حفاظتی تدابیر،پتنگ سازی و فروخت کے اجازت نامے،مقررہ مقامات،چھتوں کی نگرانی اور خلاف ورزیوں پر کارروائی کو قانونی فریم ورک کا حصہ بنایا جائے گا۔حکومت کی جانب سے پہلے ہی 2027 کے لیے نئے ضوابط مرتب کیے جاچکے ہیں اور ان پر مکمل عمل درآمد کے لیے 30 دسمبر 2026 کی ڈیڈ لائن مقرر کی گئی ہے۔ان قواعد کا بنیادی مقصد بسنت کو ثقافتی سرگرمی کے طور پر بحال رکھتے ہوئے انسانی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔اس دوران پنجاب حکومت کی جانب سے بسنت 2027 کے دائرہ کار کو لاہور سے باہر مزید شہروں تک بڑھانے کے امکانات کا بھی اظہار کیا جاچکا ہے۔مئی 2026 میں صوبائی وزیر اطلاعات نے بتایا تھا کہ آئندہ بسنت فروری 2027 میں منعقد ہوگی اور ملتان،راولپنڈی،گوجرانوالہ اور فیصل آباد سمیت بعض دیگر شہروں میں بھی اجازت دینے پر غور ہوسکتا ہے۔

ذرائع کے مطابق آئندہ مرحلے میں ان شہروں اور مقامات کی حتمی فہرست تیار کی جائے گی جہاں بسنت یا پتنگ بازی کی اجازت دی جائے گی۔اسی طرح پتنگ سازی، ڈور کی تیاری،ذخیرہ،ترسیل اور فروخت کے لیے بھی رجسٹریشن اور نگرانی کا موثر نظام وضع کیا جائے گا۔صوبائی حکومت کا بنیادی ہدف بسنت کو غیر قانونی اور خطرناک سرگرمی کے بجائے ایک محفوظ، منظم اور باقاعدہ ثقافتی جشن کے طور پر منعقد کرنا ہے۔اسی مقصد کے تحت حفاظتی ضوابط پر عملدرآمد،متعلقہ اداروں کی نگرانی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کو خصوصی اہمیت دی جارہی ہے۔یوں بسنت 2027 کے حوالے سے پنجاب حکومت کی تیاریاں ایک نئے مرحلے میں داخل ہوگئی ہیں تاہم صوبہ بھر میں جشن کے حتمی مقامات،تاریخوں اور اجازت شدہ اضلاع کا باضابطہ اعلان متعلقہ حکام کی منظوری اور نوٹیفکیشن کے بعد ہی سامنے آئے گا۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز