لاہور(ایگزو نیوز ڈیسک)ماہِ رمضان المبارک کے تقدس اور مذہبی احترام کو مدنظر رکھتے ہوئے پنجاب کونسل آف دی آرٹس نے صوبہ بھر کے تمام تھیٹرز کو ایک ماہ کیلئے بند کرنے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔جاری اعلامیے کے مطابق یہ فیصلہ حکومت پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں کیا گیا،جس کا مقصد مقدس مہینے کے دوران عوامی ماحول کو مذہبی ہم آہنگی اور احترام کے مطابق رکھنا ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ رمضان المبارک کے پورے مہینے کے دوران کسی بھی فلم،سٹیج ڈرامہ یا تھیٹر پرفارمنس کو عوامی نمائش کی اجازت نہیں ہو گی۔اس پابندی کا اطلاق صوبے کے تمام چھوٹے بڑے نجی و سرکاری تھیٹر ہالز پر یکساں طور پر ہو گا۔حکام کی جانب سے تمام تھیٹر مالکان، لائسنس ہولڈرز،پروڈیوسرز اور منتظمین کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ حکومتی فیصلے پر من و عن عمل درآمد یقینی بنائیں اور مقررہ مدت کے دوران کسی قسم کی شوٹنگ، ریہرسل یا سٹیج شو کی عوامی پیشکش سے گریز کریں۔اعلامیے میں خبردار کیا گیا ہے کہ احکامات کی خلاف ورزی کرنے والے تھیٹرز کے خلاف سخت قانونی اور انضباطی کارروائی عمل میں لائی جائے گی،جس میں لائسنس معطلی،جرمانے اور دیگر قانونی اقدامات شامل ہو سکتے ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام محض عارضی نوعیت کا ہے جس کا مقصد رمضان المبارک کے دوران مذہبی و سماجی اقدار کا احترام یقینی بنانا ہے جبکہ پابندی کے خاتمے کے بعد تھیٹر سرگرمیاں معمول کے مطابق بحال کر دی جائیں گی۔
حکومت کا ثقافتی محاذ پر بڑا اقدام،ماہِ رمضان میں پنجاب بھر کے تھیٹر ایک ماہ کیلئے بند کرنے کا حکم
2