اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)عیدالاضحیٰ کے موقع پر پنجاب بھر میں سکیورٹی کو ہائی الرٹ کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے چاند رات اور عید اجتماعات کے لیے فول پروف انتظامات یقینی بنانے کے سخت احکامات جاری کر دیے ہیں۔صوبائی حکومت کی جانب سے جاری ہدایات کے مطابق ون ویلنگ،ہوائی فائرنگ اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی جبکہ حساس مقامات پر اضافی نفری اور جدید سکیورٹی نظام کو فعال رکھا جائے گا۔
ایگزو نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے چاند رات اور عیدالاضحی کے موقع پر صوبہ بھر میں فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے کے لیے سخت اور جامع احکامات جاری کر دیے ہیں،جس کے تحت تمام متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے اور سکیورٹی ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کی ہدایت کی گئی ہے۔صوبائی حکومت کے جاری کردہ سکیورٹی پلان کے مطابق عید کے اجتماعات کے لیے خصوصی انتظامات کیے جائیں گے،جہاں میٹل ڈیٹیکٹرز اور واک تھرو گیٹس کی تنصیب لازمی قرار دی گئی ہے جبکہ حساس مقامات پر غیر معمولی سکیورٹی اقدامات کیے جائیں گے۔وزیراعلیٰ نے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کو ہدایت کی ہے کہ وہ چاند رات کے موقع پر بازاروں میں موثر پٹرولنگ یقینی بنائیں اور خواتین کی سکیورٹی کے پیش نظر لیڈیز پولیس کی تعیناتی کو بھی یقینی بنایا جائے۔سکیورٹی آپریشن کو موثر بنانے کے لیے پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کے ذریعے رئیل ٹائم مانیٹرنگ کو فعال رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ اسسٹنٹ کمشنرز کو علماء کرام سے ملاقات کر کے انہیں سکیورٹی اور صفائی انتظامات پر مکمل بریفنگ دینے کا بھی حکم دیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے کالعدم تنظیموں کی جانب سے قربانی کی کھالیں جمع کرنے کے لیے لگائے جانے والے کیمپوں پر سختی سے پابندی عائد کرنے اور اس پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے ڈی پی اوز کو خود فیلڈ وزٹس کرنے کی ہدایت دی ہے۔اس کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا اور دیگر ذرائع ابلاغ پر نفرت انگیز مواد کی روک تھام کے لیے بھی سخت اقدامات کا حکم دیا گیا ہے۔عید کے ایام میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے ون ویلنگ،ہلڑ بازی،ہوائی فائرنگ اور اسلحے کی نمائش پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوری اور سخت قانونی کارروائی عمل میں لانے کی ہدایت دی گئی ہے۔
اس موقع پر ہوم سیکرٹری احمد جاوید قاضی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ صوبہ بھر میں 38 ہزار 507 مقامات پر نماز عید کے اجتماعات ہوں گے،جن کے لیے جامع سکیورٹی پلان ترتیب دیا گیا ہے۔مزید برآں دفعہ 144 کے تحت عوامی مقامات پر سری پائے بھوننے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے اور نکاسی آب کے نظام یا عوامی جگہوں پر جانوروں کی باقیات پھینکنے والوں کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جائے گی۔حکام کے مطابق ان اقدامات کا مقصد عید الاضحی کے موقع پر شہریوں کو محفوظ، پرامن اور صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا ہے جبکہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہ برتنے کا واضح پیغام بھی دیا گیا ہے۔