اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے متعلق محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات دسمبر کے آخری ہفتے میں کرائے جائیں گے۔
ایگزو نیوز کے مطابق الیکشن کمیشن کے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن الیکشن ایکٹ 2022 کے تحت صوبے میں انتخابات منعقد کرے گا اور کل سے صوبے بھر میں نئی حلقہ بندیوں کا عمل شروع کیا جائے گا۔چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں ممبران نثار درانی، شاہ محمد جتوئی اور بابر حسن بھروانہ پر مشتمل بینچ نے فیصلہ جاری کیا۔الیکشن کمیشن نے اپنے حکم میں واضح کیا کہ پنجاب حکومت نے بلدیاتی انتخابات کے معاملے میں بار بار تاخیر کی، جو کہ آئینی ذمہ داریوں سے انحراف کے مترادف ہے۔سماعت کے دوران الیکشن کمیشن کو آگاہ کیا گیا کہ پنجاب کے بلدیاتی قوانین میں اب تک پانچ مرتبہ ترامیم کی جا چکی ہیں، جب کہ چھٹی ترمیم بھی زیر غور ہے تاہم کمیشن نے قرار دیا کہ ان مسلسل ترامیم کے باوجود 2022 کے نافذالعمل قانون کے تحت بلدیاتی انتخابات ممکن اور لازم ہیں۔فیصلے میں کہا گیا کہ پنجاب حکومت کا طرزِ عمل مسلسل تاخیر پر مبنی ہے جس نے عوام کو مقامی سطح پر نمائندگی سے محروم رکھا۔ الیکشن کمیشن نے حکم دیا کہ اب کسی بھی قسم کی قانونی تبدیلی یا انتظامی تاخیر کو جواز بنا کر الیکشن موخر نہیں کیے جائیں گے۔
مزید کہا گیا کہ بلدیاتی نظام جمہوریت کی نچلی سطح پر مضبوطی کے لیے ناگزیر ہے لہٰذا کمیشن اپنی آئینی ذمہ داری ادا کرتے ہوئے انتخابات کا بروقت انعقاد یقینی بنائے گا۔یاد رہے کہ چند روز قبل جماعت اسلامی کی درخواست پر لاہور ہائی کورٹ نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات نہ کرانے پر ایڈووکیٹ جنرل اور چیف سیکرٹری پنجاب کو عدالت میں طلب کیا تھا۔عدالت نے حکومت سے وضاحت طلب کی تھی کہ عوام کو مقامی نمائندوں سے محروم رکھنے کا قانونی اور آئینی جواز کیا ہے۔الیکشن کمیشن کے تازہ فیصلے کے بعد یہ واضح ہو گیا ہے کہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات اب مزید موخر نہیں ہوں گے اور صوبے بھر میں جلد ہی انتخابی سرگرمیاں شروع ہو جائیں گی۔سیاسی حلقوں کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ جمہوریت،شفافیت اور عوامی اختیار کی بحالی کی سمت ایک اہم قدم ثابت ہو گا۔
پنجاب میں بلدیاتی انتخابات دسمبر میں ہوں گے،الیکشن کمیشن کا فیصلہ،حکومت کا تاخیری رویہ آئینی ذمہ داریوں کے منافی قرار
6